امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میں چوہے جتنے بڑے گھونگھے

July 06, 2022

فلوریڈا (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک شہر میں چوہے جتنے بڑے گھونگھوں نے علاقے کے رہائشیوں کو جبری قرنطینہ میں ڈال دیا۔افریقہ کے اس آبائی جاندار میں پھیپھڑوں کو متاثر کرنے والا ایک کیڑا موجود ہے جوانسانوں میں گردن توڑ بخار کا سبب بن سکتا ہے۔اس قرنطینہ کا دورانیہ دو سال کا ہوگا لیکن کووڈ قرنطینہ کے برعکس رہائشیوں کو پودوں، مٹی، کچرے ملبے، کھاد اور علاقے سے باہر عمارتی مواد لے جانے کی پابندی ہوگی۔فلوریڈا کے محکمہ زراعت نے پورٹ رِچی نامی شہر میں 23 جون کو کیڑوں کی موجودگی تصدیق کی اور اگلے ہی دن علاقے کو قرنطینہ میں ڈال دیا گیا۔یہ گھونگھے ماحولیات کے لیے اتنے نقصان دہ ہیں کہ 500سے زائد مختلف پودے ان کی خوراک بنے ہوئے ہیں جبکہ یہ کنکریٹ کو بھی کھا جاتے ہیں جو انفرا اسٹرکچر کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔امریکہ کے محکمہ زراعت کے مطابق زمینی گھونگھے پہلی بار جنوبی فلوریڈا میں 1960میں پائے گئے تھے اور ان سے چھٹکارہ پانے کے لیے تقریباً 10سال کے عرصے کے ساتھ 10لاکھ ڈالرز خرچ ہوئے تھے۔ان گھونگھوں کی افزائشِ نسل بہت تیزی سے ہوتی ہے، یہ ہر سال تقریباً 1200 انڈے دیتے ہیں۔