راولپنڈی بارش، آئی جی پنجا ب کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت

July 06, 2022

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجا ب راؤ سردار علی خان نے راولپنڈی میں مسلسل بارش کی وجہ سے نالہ لئی میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردیں ۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ مون سون سیزن میں شہریوں کی بروقت مدد اور جان و مال کی حفاظت کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ راولپنڈی پولیس ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ریلیف ورک میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی ۔آ رپی او آفس راولپنڈی میں منگل کو اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کے دوران آر پی او راولپنڈی، سی پی او راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال کے ڈی پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے آئی جی نے کہاکہ راولپنڈی ریجن کے تمام اضلاع میں عید قربان کی مناسبت سے نماز عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے راولپنڈی میں قبضہ مافیا کے خلاف بلا تفریق سخت آپریشن کرنے کا حکم دیا۔ میٹنگ سے قبل آئی جی نے راولپنڈی پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور نو تعمیر ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ ونگ کا افتتاح کیا۔