کچھ چٹ پٹے، کچھ میٹھے پکوان

August 05, 2022

عظمٰی صدیقی

اگر محرم میں آپ کا حلیم بنانے کا ارادہ ہے تو اس کی ترکیب کے لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ،کیوں کہ اس ہفتے ہم آپ کو بیف اور چکن کے حلیم کی تراکیب بتا رہے ہیں، تا کہ آپ کو بنانے میں آسانی ہو جا ئے۔ حلیم کے ساتھ چنے کے پلاؤ اور کھیر کی تراکیب بھی موجود ہے۔

…شاہی حلیم خاص…

اجزاء: گائے کا گوشت (بغیر ہڈی کے) ایک کلو، پیاز ایک پاؤ، دھنیا(پسا ہوا) ایک چائے کا چمچہ، گندم ایک پاؤ، دال ماش ایک پاؤ، دال چنا ایک پاؤ، تیل ایک پاؤ، لہسن ادرک (پیسٹ) تین چائے کے چمچے، نمک چائے کے تین چمچے، دال مسور ایک پاؤ، پسی ہوئی مرچ تین چائے کے چمچے، پسا ہوا زیرہ ایک چائے کا چمچہ، پسا ہوا دھنیا ایک چائے کا چمچہ، دال ارہر ایک پاؤ

ترکیب: گندم اور تمام دالوں کو الگ الگ ابال لیں اور اچھی طرح گھوٹ لیں۔ اب گھی میں پیاز فرائی کرلیں۔ فرائی ہوئی آدھی پیاز ایک طرف رکھ دیں۔ بقیہ پیاز میں لہسن اور تمام مسالے ڈال کر گوشت بھی شامل کر دیں اور بھونیں۔ اب پانی ڈال کر گوشت کو گلنے تک پکائیں۔ اس کے بعد تمام مسالےاور گندم ڈالیں۔ اچھی طرح ہلائیں یہاں تک کے تمام اشیاء یک جان ہو جائیں۔ گرم سالہ، بقیہ مسالہ، پیاز، لیموں، ادرک ، اور ہری مرچ ڈال کر سرو کریں۔

…چکن حلیم…

اجزا: چکن ڈیڑھ کلو ،چنے کی دال ایک پاؤ،ادرک ایک پاؤ، چاول ایک پاؤ، دال مسور ایک پاؤ، لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے، پیاز ایک کلو، ہری مرچ پسی ہوئی ڈیڑھ چائے کے چمچے، جوکا دلیہ آدھا کلو، ماش کی دال ایک پاؤ، مونگ کی دال ایک پاؤ، گندم آدھا کلو، لال مرچ پسی ہوئی دو کھانے کے چمچے، ادرک کا پیسٹ ڈیڑھ کھانے کا چمچہ، پسا ہواگرم مسالہ ڈیڑھ چائے کا چمچہ ،پسی ہوئی ہلدی ایک چائے کا چمچہ، نمک 2چائے کے چمچے، تیل حسب ِضرورت، ٹماٹر چھ عدد

ترکیب: پین میں تیل گرم کر کے پیاز فرائی کر کے نکا لیں اور ٹھنڈا کر کے چورا کر لیں۔ ایک دیگچی میں پانی گرم کر کے اُس میں گندم اُبال کر گلا لیں اور گھوٹ لیں۔ تیل والے پین میں ادرک لہسن، لال مرچ، دھنیا، ہلدی ، نمک، زیرہ، گرم مسالہ، کالی مرچ، اور تھوڑا سا پانی ملا کر بھون لیں۔ اب اس میں چکن اور اُبلی ہوئی دال شامل کرکے اچھی طرح چمچ چلائیں۔ اس سب کو اس وقت تک گھوٹتے رہیں جب تک گاڑھا نہ ہو جائے۔ جب گاڑھا ہو جائے اور تیار ہو جائے تو نکال کر ہرا دھنیا، پودینا، ہری مرچ، اور تلی ہوئی پیاز اور لیموں سے سجا کر پیش کریں۔ مزیدار چکن حلیم تیار ہے۔

…چنے کا پلاؤ…

اجزاء:چاول آدھ کلو، پیاز آدھ پاؤ، چنے ایک پاؤ، ادرک آدھ چھٹانک، گھی ایک پاؤ،بڑی الائچی تین عدد، کالی مرچ 8عدد، دار چینی ایک ٹکڑا، لونگ 6عدد، نمک حسب پسند

ترکیب: چنے بھگو ایک رات پہلے بھگو دیں، پھر ان کو ابال لیں۔ ایک دیگچی میں تیل گرم کرکے پیاز کاٹ کر اس میں ڈال دیں۔ جب پیاز کا رنگ بادامی ہو جائے تو ادرک باریک کتر کر اس میں ڈال دیں۔ جب دونوں چیزیں سرخ ہو جائیں تو سارا گرم مسالہ ثابت ہی ڈال کر تھوڑی دیر بعد چنے پانی سمیت ڈال دیں اور ان کو پکنے دیں۔

جب چنے گل جائیں اور ان میں تقرباً سوا کلو پانی ر ہ جائے تو چاول نچوڑ کر ڈال دیں اور پکنے دیں۔ جب چاول میں ایک کنی رہ جائے اور پانی خشک ہو جائے تو پسا ہوا زیرہ تھوڑا سا چھڑک کر چاولوں کو دم پر لگا دیں۔ آنچ دھیمی رکھیں۔ دس منٹ بعد جب بھاپ نکلنے لگے تو اتار لیں اور گرم گرم کھانے کے لئے پیش کر یں۔

…ربڑی کھیر…

اجزاء: چاول ایک کپ، دودھ دوکلو، چینی ایک کپ یا حسبِ ذائقہ، الائچی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، کیوڑہ ایسنس دو سے تین قطرے، ربڑی ایک پاؤ (لچھے دار)، بادام اور پستہ حسبِ ضرورت۔

ترکیب: دودھ کو اتنا پکائیں کہ اُس کی رنگت ہلکی گلابی ہوجائے ، پھر دودھ میں چاول ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں، یہاں تک کہ چاول اچھی طرح گَل جائیں، پھر اس میں چینی شامل کریں اور کچھ دیر پکائیں۔ اب الائچی پاؤڈر اور خشک میوے ڈال کر دس منٹ تک پکائیں۔ کھیر درمیانی گاڑھی ہونے لگے، تو چولہے سے اْتار لیں۔ ربڑی اور کیوڑہ ایسنس ڈال کر ہلکا مکس کرلیں۔ ڈش میں نکال کر ٹھنڈی کر کے سرو کریں۔