انسان کا اپنے خیالات میں گم ہو جانا مسائل کے حل کیلئے مفید

August 10, 2022

فائل فوٹو

ایک نئی تحقیق میں یہ حیرت انگیز بات سامنے آئی ہے کہ کسی بھی انسان کا اپنے خیالوں میں کھو جانا یا پھر ذہن کا ادھر اُدھر بھٹکنا کوئی بری بات نہیں بلکہ مسائل کے حل کے لیے بہت مفید ہے۔

جرمنی میں قائم یونیورسٹی آف ٹیوبِنگن کے محققین کو یہ جاننے میں کافی دلچسپی تھی کہ آخر انسان اپنے سوچنے کی صلاحیت کو استعمال کرنے پر ہچکچاہٹ کیوں محسوس کرتا ہے۔

محققین نے اپنے اس سوال کا جواب تلاش کرنے کے لیے 250 افراد کے ایک گروپ کا مطالعہ کیا۔

اس تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ انسان کا بے مقصد اپنے خیالات میں کہیں گم ہوجانے کا عمل بہت مفید ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ اگر لوگوں کو ان کے ذہن کو اِدھر اُدھر بھٹکانے کا موقع دیاجائے تو وہ اس سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔

تاہم، کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جوکہ ایسا کرنے کو ایک محنت طلب سرگرمی سمجھتے ہیں۔

محققین نے یہ بھی بتایا کہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اپنے خیالات میں کھو جانے کا عمل مسائل کو حل کرنے کے لیے بہت مفید ہے۔

محققین نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ دراصل، انسان کا اپنے خیالات میں گم ہوجانا یا اپنے ذہن کو اِدھر اُدھر بھٹکانے سے اسے اپنی تخلیقی اور تصّور کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے اور اپنی اہمیت کے خیال سے آشنا ہونے میں مدد مل سکتی ہے۔

محققین نے یہ بھی بتایا ہے کہ اپنے خیال میں کھونے کے اتنے فوائد ہونے کے باوجود بھی زیادہ تر لوگ جب اپنے خیالات میں کہیں گم ہونے لگتے ہیں یا ان کا ذہن کہیں بھٹکنے لگتا ہے تو وہ اپنی توجہ فوراََ کسی نا کسی کام کی طرف لانے کی کوشش کرتے ہیں۔

آج کے دور میں اسمارٹ فون اس کی واضح مثال ہے جو کہ انسان کی اس آزادانہ انداز میں سوچنے کی عادت کو ختم کر رہا ہے۔