سوشل میڈیا پر قومی اداروں کیخلاف پروپیگنڈہ قابل مذمت ہے‘ سینیٹر ثمینہ

August 11, 2022

کوئٹہ (پ ر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے سوشل میڈیا پر پاک فوج مخالف منفی مہم جوئی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اداروںکے خلاف من گھڑت کہانیاں گھڑنا دشمنوں کی چال ہے جس کا مقصد عوام میںپاک افواج کا امیج خراب کرنا ہے جسے محب وطن پاکستانی عوام یکسرمسترد کر چکے ہیں اور اس مہم جوئی کوکسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج جیسے محب وطن ادارے ، اس کے سربراہان ،بہادر افسروں اور جوانوں کا نام استعمال کر کے بدنام کرنے کی کوشش انتہائی قابل مذمت اور شرمناک عمل ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو زبان استعمال کی جارہی ہے اوربہتان تراشی کی جارہی ہے وہ دشمنوں کی چال ہے اور وہ چند مفاد پرست عناصر کو استعمال کر کے اس طرح کی مہم جوئی کر رہے ہیںجسے پاکستانی قوم یکسر مسترد کرتی ہے ۔پاکستانی قوم پاک فوج کے ساتھ ہے اور دشمنوں کی بیخ کنی کے لئے قوم دشمنوں کو منہ توڑ جواب دے گی۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملکی سرحدوں کاتحفظ کررہی ہیں۔ اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے ریاستی ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش ہرطرح سے ملکی مفاد کیخلاف اور قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے قومی اداروں کو ملک کے بہترین مفاد میں سیاسی گفتگو سے دور رکھنا ہوگا۔