وفاقی حکومت کو 4 ہفتوں میں پیناڈول کی قیمت سے متعلق فیصلہ کرنے کی ہدایت

August 11, 2022

فائل فوٹو

سندھ ہائی کورٹ نے بخار کی ٹیبلٹ پیناڈول کی قیمت میں اضافے کے معاملے پر کمپنی کی جانب سے وفاقی حکومت کے خلاف دائر کی گئی توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے قیمتوں سے متعلق 4 ہفتوں میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

دورانِ سماعت عدالت میں وفاقی حکومت کے وکیل اور ڈرگ ریگیولیٹری اتھارٹی کے نمائندے پیش ہوئے۔

ڈریپ کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ ادویات کی قیمتیں بڑھانے کے لیے وفاق سے منظوری لینا ضروری ہے۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں پیناڈول کی قیمت زیرِ بحث نہیں آئی۔

عدالت نے آئندہ سماعت سے قبل کابینہ کے اجلاس میں قیمتوں سے متعلق فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

سندھ ہائی کورٹ نے وفاق کے وکیل کو ہدایت کی کہ وفاق 4 ہفتوں میں فیصلہ کر کے عدالت میں رپورٹ دے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو پیناڈول ٹیبلٹ کی قیمتیں بڑھانےپر غور کی ہدایت کی تھی۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ قیمتوں سے متعلق فیصلہ نہ کرنے پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔

درخواست گزار نے یہ بھی کہا کہ پیناڈول کے لیے ڈالرز میں خریداری کی جاتی ہے، ڈالر کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں لیکن ٹیبلٹ کی قیمت نہیں بڑھائی جا رہیں۔