اسکاٹ لینڈ میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

August 13, 2022

گلاسگو (نمائندہ جنگ) اسکاٹ لینڈ میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ امام بارگاہ ایشلے سٹریٹ سے محرم الحرام کا جلوس سید ناصر جعفری اور علی افسر شیخ کی قیادت میں برآمد ہوا، جب کہ ایک بڑا جلوس سید اشفاق شاہ اور مرزا لیاقت بیگ کی قیادت میں اس جلوس میں آکر شامل ہوگیا۔ جلوس میں ہر عمر کے مرد و خواتین اور بچے شریک تھے۔ووڈلینڈ کے راستے گریٹ ویسٹرن روڈ سے ہوتا ہوا یہ جلوس واپس ایشلے سٹریٹ پہنچ گیا۔ جلوس میں شامل مختلف افراد لبیک یا حسینؓ کے نعرے بلند کرتے ہوئے سینہ کوبی کرتے رہے۔ پولیس کی بڑی تعداد بھی جلوس کےہمراہ چل رہی تھی۔ ایشلے اسٹریٹ واپس پہنچ کر جلوس کے شرکا میں لنگر تقسیم کیا گیا۔اس موقع پر مختلف علمائے کرام نے اپنے خطابات میں شہادت امام حسینؓ پر روشنی ڈالی اور واقعہ کربلا کو پوری انسانیت کا بڑا سانحہ قراردیا۔ علما کا کہنا تھا کہ حسینیتؓ ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا نام ہے، امام عالی مقامؓ نے کربلا کے مقام پر اپنی اور اپنے خاندان و ساتھیوں کی جانوں کی قربانیاں دے کر اسلام کو ابد تک کے لئے زندہ جاوید کر دیا ۔