یورپی سفیر کا پاکستان سے اظہار محبت

August 14, 2022

یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے شہنائی پر پاکستان کا قومی ترانہ بجا کر پاکستانیوں کے دل جیت لیے ۔ اظہار محبت کا یہ دل نواز اندازپاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر نظر آیا۔ ڈاکٹر رینا نے اس موقع پر سفید اور ہرے رنگ کا لباس زیب تن کر رکھا تھا۔ یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی شہنائی بجانے کی تصویر یورپی یونین پاکستان کے آفیشل ٹویٹرہینڈل پر ویڈیو شیئر کی گئی ۔ پاکستانی عوام یورپی سفیرکے جذبۂ محبت کو ممنونیت کی نظر سے دیکھتےاور توقع کرتے ہیں کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان پائے جانے والے یہ جذبات تجارت، سرمایہ کاری،ٹیکنالوجی کی منتقلی سمیت مختلف دائروں اور شعبوں میں مزید نمایاں ہوتے رہیں گے۔ یورپ کے بیشتر ملکوں سے پاکستان کے تعلقات 1947ء میں برٹش انڈیا کی تقسیم اور آزادی کے وقت سے برطانوی دولت مشترکہ کے فورم سمیت کئی صورتوں میں موجود رہے ہیں، جن سے باہمی تعاون اور تجارت کے نت نئے راستے نکلتے رہے۔ تعلیم اور حصول روز گار کیلئے پاکستان سے مختلف شعبوں کے لوگوں کا برطانیہ اور دیگر یورپی ملکوں میں آنا جانا رہا اور وہاں سے کئی میدانوں میں فنی اعانت و تدریس کیلئے ماہرین پاکستان آتے رہے۔ یورپ اور پاکستان ایک دوسرے کے اہم تجارتی پارٹنر ہیں جب کہ واشنگٹن اور اسلام آباد پرانے اتحادی ۔بیجنگ اسلام آباد دوستی کی تو مثالیں دی جاتی ہیں۔ روس ،وسطی یشیا، مشرق وسطیٰ سمیت بیشتر ممالک سےموجودہ تعلقات کےخصوصی پس منظر ہیں۔ان میں وسعت بھی نظر آرہی ہے۔ مگر یہ بات مدنظر رکھنے کی ہے کہ باہمی تعلقات کے استحکام میں اقتصادی سرگرمیاں اہم کردار اداکرتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ یورپ ہی نہیں تمام ممالک سے تجارتی، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی تعلقات بڑھانے کی کاوشیں تیز کی جائیں۔تاکہ خیر سگالی وہم آہنگی کی نئی منزلیں سر کی جا سکیں۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998