سندھ ہائیکورٹ، نجی ٹی وی کے این او سی منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

August 14, 2022

کراچی (آئی این پی / نیوز ڈیسک)سندھ ہائی کورٹ نے نجی ٹی وی چینل کا نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) منسوخ کرنے کا نوٹیفیکیشن معطل کردیا۔ تاہم پیمرا کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ سب سے زیادہ نفرت یہی چینل پھیلا رہا ہے ، معاملہ حساس ہے وجوہات بتائیں جائیں گی، حکم امتناع نہ دیا جائے۔ قبل ازیں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے وزارت داخلہ کی جانب سے اے آر وائی نیوز کے این او سی کی منسوخی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں پی بی اے کا کہنا ہے کہ ہم حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ مناسب قانونی عمل کی پیروی کریں اور چینل کو اپنا موقف بیان کرنے کا موقع دیں، پی بی اے نے آئین کے پیرامیٹرز کے اندر رہتے ہوئے ہمیشہ ذمہ دارانہ صحافت اور اظہار رائے کی آزادی کی حمایت کی ہے۔ ادھر ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے اے آر وائی نیوز کا این اوسی منسوخ کیے جانے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے حکومت سے فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔