کوونٹری سٹی کونسل کی عمارت پرپہلی بار سبز ہلالی پرچم لہرا دیا گیا، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی

August 14, 2022

کوونٹری (وقار ملک) کوونٹری سٹی کونسل میں پہلی بار کونسل کی عمارت پر یوم آزادی پاکستان کے موقع پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرا دیا گیا۔ کونسل کی عمارت کے ہال میں بھی پہلی مرتبہ یوم آزادی پاکستان کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد سے گونج اٹھی،سڑک سے گزرنے والے لوگ بھی فتح کا نشان بناتے ہوئے گزرے، پاکستانی پرچم لہرائے جانے پر دیگر کمیونٹیز کے لوگ بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے ۔ممتاز دینی اسکالر پیر دلدار شاہ دیوان حضوری نے ہال کے اندر اور کونسل بلڈنگ کے باہر تاریخی خطاب بھی کیا، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد محض ایک ریاست کا حصول نہیں تھا بلکہ بقول قائداعظمؒ ہمارے پیش نظر ایک ایسی آزاد اور خود مختار مملکت کا قیام تھا جس میں مسلمان اپنے دین کے اصولوں کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ بانی پاکستان نے اپنے مختلف خطابات میں دوٹوک انداز میں اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان کا آئین و دستور قرآن و سنت کے تابع ہوگا،ہمارا دستور وہی ہے جو قرآن کی شکل میں اللہ تعالیٰ نے 14 سو سال قبل ہمیں عطا ہوا۔ پاکستان کا قیام کسی وقتی جوش یا جذباتی سوچ کا نتیجہ نہیں بلکہ اس کے پیچھے محسن انسانیت حضرت محمدﷺ کی رہنمائی میں قائم ہونے والی مدینہ منورہ کی اسلامی و فلاحی ریاست کا نمونہ اور سوچ کارفرما تھی جس میں ایک عام شہری کو بھی حاکم وقت کے برابر حقوق حاصل تھے، پاکستان اللہ کی نعمت ہے جسے ہم سب نے سنوارنا ہے اور مضبوط بنانا ہے۔ کونسل سٹی کے لیڈر اور تقریب کے میزبان عبدالسلام نے کہا کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ کونسل سٹی کی عمارت پر پاکستانی پرچم لہرایا گیا اور کونسل کے اندر جشن پاکستان کی تقریب کا انعقاد میری کاؤشوں سے ہوا، رب ذوالجلال نے مجھے یہ موقع نصیب کیا۔اس تقریب میں کمیونٹی افراد کی شرکت اور میرے ساتھیوں اور کونسل کے کونسلرز نعیم اختر، چوہدری پرویز مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے بڑھ چڑھ کر تعاون کیا اور ہم یہ شاندار پروگرام کرانے میں کامیاب ہوئے، ہم مستقبل میں اس سے بہتر پروگرام کریں گے تاکہ اپنی نوجوان نسل کو اپنی دھرتی پاکستان سے قریب رکھ سکیں۔ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان ایک رشتہ ہے جسے مزید مضبوط بنائیں گے۔ کونسلر نعیم اختر اور کونسلر پرویز اختر نے کہا کہ ایک مضبوط پاکستان کے لیے ہمیں ایک مضبوط اتحاد کی ضرورت ہے تاکہ ہم دنیا میں اپنا وقار بلند کر سکیں، یہ پروگرام ہماری شان میں اضافہ کرتا ہے جس کے پیچھے ڈپٹی لیڈر عبدالسلام کی کاؤشیں پنہاں ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کو مضبوط بنانا ہے تاکہ برطانوی سیاست میں کردار ادا کر کے اپنا اور اپنی کمیونٹی کا نام بلند کریں۔ یوم آزادی بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناحؒ کے ویژن کے مطابق مادر وطن کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے پختہ عزم کی تجدید کے ساتھ جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، ہمیں ایک قوم بننا ہے، پاکستان ہمارا دل اور جان ہے ہم پاکستان پر اپنا سب کچھ لٹا سکتے ہیں کیونکہ ہم پاکستانی ہیں، برطانیہ ہمارا دل ہے، ہمیں ان دونوں ملکوں کے درمیاں تعلقات مضبوط بنانے ہیں۔ تقریب سے نبیل افضل قادری اور عرفان شاہ نے بھی خطاب کیا جب کہ کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی اور ڈپٹی لیڈر کی کاشوں کو سراہا۔