سید مودودی فاؤنڈیشن کے تحت جشن آزادی پاکستان کی تقریب آج ہوگی، محمد غالب

August 16, 2022

برمنگھم (پ ر) یوم آزادی پاکستان کے موقع پر سید مودودی فاونڈیشن کے زیر اہتمام جشن آزادی کی تقریب 16اگست کو پیغام اسلام ٹرست برمنگھم میں منعقد ہوگی۔ تحریک آزادی پاکستان کے مختلف پہلوؤں، پاکستان بنانے کا مقصد اور پاکستان کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالی جائے گی کہ پاکستان کی75سالہ تاریخ میں جن مقاصد کے یے یہ ملک معرض وجود میں آیا تھا اس کی تکمیل کے لیے کیا کوششیں کی گئیں، برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں سے آزاد ہونے والی اس مملکت خدا داد کو کن کن مسائل اور مشکلات سے گزرنا پڑا۔ سید مودودی فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد غالب نے کہا کہ سید مودودیؒ نے پاکستان کو ایک اسلامی ریاست بنانے کے لیے اس کی بنیاد دو قومی نظریے پر رکھی تھی، علامہ اقبال اور بانی پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ تحریک پاکستان میں حصہ لیا، پاکستان میں اسلامی نظام کے لیے اپنی خدمات پیش کیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان بننے کے بعد بانی پاکستان نے سید مودودیؒ کو ریڈیو پاکستان سے اسلامی نظام پیش کرنے کی دعوت دی اور انہوں نے اسلام کا سیاسی، معاشی، اخلاقی اور معاشرتی نظام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا ایک عظیم ملک ہے، اللہ نے تمام قدرتی وسائل سے اس ملک کو مالا مال کر رکھا ہے، ملک میں عدل اور انصاف کے نظام سمیت سیاسی معاشی دفاعی اور جمہوریت کو مضبوط کرنے ضرورت ہے تاکہ اس ملک کے قیام کے مقاصد پورے ہو سکیں۔