حُسن دو چند کریں

September 23, 2022

ماہم علی

آج کل جدید میک اپ کے ساتھ مختلف رنگوں سے بالوں کو رنگنے کا فیشن کچھ زیادہ ہی مقبو ل ہورہا ہے۔ آپ اپنے بالوں کو رنگتی ہوں گی یا رنگنا چاہتی ہوں گی لیکن ایسا کرنے سے پہلے اپنی عمر اورچہرے کی رنگت ضرور مد نظر رکھیں۔ کچھ عرصے پہلے تک براؤن اور سیاہ ہیر ڈائی عام تھا، مگر اب اس میں جدت پسندی وقت کے ساتھ ساتھے بڑھتی ہی جارہی ہے اور اب صنف نازک مختلف رنگوں سے بالوں کو رنگنے میں دلچسپی لے رہی ہیں۔ اب لال، پنک، پیور گولڈ ،ویٹ بولنڈے، ایش گولڈ اور موکا ہیئر ڈائی کا فیشن اِن ہے۔ لیکن فیشن ڈائی اپنانے سے پہلے یہ ضرور دیکھ لیں کہ آپ کے بال کس طرح کے ہیں۔ اگر آپ کے بال نازک یاکمزور ہیں تو ڈائی کروانے سے پہلے پروٹین یا کیراٹین ٹرٹیمنٹ ضرور کروائیں۔

فریش ایلوویرا جیل بھی لگا سکتی ہیں اسے رات بھر لگارہنے دیں اور صبح بال دھو لیں لیکن اگر آپ مصنوعی کیمیکلز سے بنے ہیئر ماسک استعمال کرتی ہیں تو دی گئی ہدایات کے مطابق بال دھو ئیں ، کیوں کہ کچھ ماسک ایسے ہوتے ہیں جنہیں بالوں میں5 منٹ سے زیا دہ نہیں لگانا چاہیے۔ ہیئرڈائی سے پہلے اور بعد میں موئسچر لاک (Moisture Lock) بھی استعمال کریں، تاکہ بالوں میں نمی برقراراور بال نرم وملائم رہیں۔

آپ کوئی ہیئر ماسک بھی استعمال کر سکتی ہیں ،جس میں وٹامن ای یا ایلوویرا شامل ہو۔ ٹین ایجر لڑکیوں کو چاہیں کہ پورے بال ڈائی کروانے کے بجائے ہائی لائٹس کر وائیں، کیوں کہ چھوٹی عمر میں بالوں میں اتنا زیادہ کیمیکلز کا استعمال بالوں کی صحت کے لیے مضر ثابت ہوتا ہے اور اگر آپ کے بال پہلے سے ہی کمزور ہیں تو پورے بالوں کو ہر گز ڈائی نہ کروائیں۔ صرف ہائی لائٹس کر والیں، اس سے بھی شخصیت نمایاں نظر آتی ہے اور یہ ٹین ایجر لڑ کیوں پر اچھی لگتی ہیں۔

کچھ عرصے پہلےتک بلیاج تیکنیک (Balayage Technique) کا فیشن زیادہ مقبول تھا ، جس میں بالوں کے سرے پرلائٹ اور اوپری یعنی جڑوں والے حصے پر ڈارک ہیئرکلرکیاجاتا تھا۔ کیمیکلز کے مضراثرات سے بچنے کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ معیاری ہیئر کلر کا انتحاب کیاجائے جو ایمونیا فری (Ammonia Free)اور آئل بیسڈ(Oil-based)ہو۔ اس سے بال روکھے نہیں ہوتے بلکہ ان کی نمی برقرار رہتی ہے۔ اکثر خواتین کو ہیئر کلر کا انتخاب کرنے میں تھوڑی مشکل ہوتی ہے۔

آپ جوبھی شیڈ لینا چاہتی ہیں اس کو بالوں میں لگانے سے پہلے ہاتھ کی پشت پر لگا کر جلد کی رنگت سے میچ کریں ،اگر وہ آپ کی جلد کے ساتھ میچ کریں تو آپ وہ شیڈ استعمال کرسکتی ہیں اور یہ آپ کے بالوں میں خوشنما لگے گا۔فیشن ٹرینڈز اورموسم کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہیئر ڈائی کا انتخاب کرنا ہوتو سب سے پہلے اپنی رنگت کو مدِنظر رکھیں۔ گوری رنگت اور سرخی مائل کی حامل خواتین پیور گولڈ اور شوخ شیڈز میں بال ڈائی کروائیں ،البتہ گندمی مائل رنگت کی حامل خواتین کو وارم ٹون( warm tone ) میں ہی ہیئر ڈائی کا انتخاب کرنا چاہیے۔

علاوہ ازیں ایش گولڈ اور ریڈ شیڈز بھی مقبول ہیں لیکن یہ شیڈز صرف گوری رنگت پر ہی اچھے لگتے ہیں۔ گرمیوں میں کُول کلرز کروانے چاہیں ۔یعنی ایش گولڈ اور کول ریڈ کلرز وغیرہ۔ درمیانی عمر کی خواتین کو میڈیم ٹون یعنی5 یا 6 لیول پر ڈائی لینا چاہیں۔

اس بات کا خیال ضرور رکھیں کہ کلر کرنے سے پہلے بالوں کو نہیں دھوئیے، کیوں کہ بغیر دھلے بالوں میں اس کے نتائج زیادہ اچھے آتے ہیں۔ علاوہ ازیں کلر کرنے سے پہلے اپنے بالوں میں برش یا کنگھا بھی نہ کریں۔ بلکہ کلر کرنے سے پہلے بالوں کی آؤٹ لائن پر پٹرولیم جیلی لگائیں ،اس سے یہ خطرہ نہیں رہتا کہ کلر اگر جلد پر لگ جائے توو ہ اپنا رنگ چھوڑے گا۔ کلر کو ہمیشہ پر ش کی مدد سے لگائیں۔ اس کے لیے آپ گھر میں موجود کسی دوسرے فرد سے بھی مدد لے سکتی ہیں۔

سب سے پہلے بالوں کے اندر کی طرف رنگ لگائیں اور اس کے بعد تہ در تہ لگاتی جائیں اور جب کلر بالوں کے اندرونی حصہ میں اچھی طرح لگ جائےتو باقی کلر کو سر کے اوپری حصے پر پوری طرح لگا ئیں اور تقریباً 45 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ سر کو ڈھانپنے کے لیے آپ پلاسٹک کیپ استعمال کر سکتی ہیں۔ وقت پورا ہونے کے بعد پہلے بالوں کو پانی سے دھو لیں، تاکہ سارا رنگ بالوں سے نکل جائے۔ اس کے بعد کسی معیاری شیمپو سے بال دھولیں۔ بعدازاں کنڈیشنر کرنا ضروری نہیں، کیوں کہ کلر کرنے سے بالوں میں کنڈیشنر بھی ہو جاتا ہے۔ بالوں کو رنگنے کا دوسرا طر یقہ اسٹیکنگ کہلاتا ہے۔

اس کے لیے پہلے بالوں کا قدرتی رنگ کاٹا جاتا ہےاور قدرتی رنگ کاٹنے کے لیے بالوں میں بلیچ لگایا جاتا ہے ۔ بلیچ باکس پر دی گئی ہدایات کے مطابق بلیچ کریم اور پاؤڈر کو مطلوبہ مقدار میں ملا کے بالوں میں لگائیں۔ اگر پورے بال کرنے ہیں، تو پورے بالوں میں لگائیں، لیکن اگر بالوں کو ہائی لائٹ کرنا ہے، تو مندرجہ بالا دیے گئے تین طریقوں میں سے کسی ایک پر عمل کرتے ہوئے صرف بالوں کے ان ہی حصوں پر بلیچ لگائیں۔ اسے 20 سے 25 منٹ سے زیادہ وقت نہ دیں۔ بالوں کوایک جانب کان کے پاس سے چیک کر لیں کہ آیا بلیچ ہو چکا ہے، تو پھر بالوں کو دھو لیں اور ہیئر ڈرائیر سے خشک کر لیں، اس کے بعد بالوں میں اپنا مطلوبہ رنگ لگائیں اور 40 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ وقت پورا ہو جائے تو بالوں کو کسی اچھے شیمپو سے دھو لیں۔

بعدازاں بالوں میں رنگ لگا لیں۔ اکثر خواتین یا ٹین ایجر لڑکیاں پورے بالوں کے بجائے صرف چند لٹوں پر ہی اسٹیکنگ کرتی ہیں۔ یہ زیادہ تر سنہری یا براؤن کلر میں کرائی جاتی ہے۔ عام طور سے اسٹیکنگ تین طرح سے کی جاتی ہے۔ فوائل پیپر، اسٹیکنگ کیپ اور دھاگے کی مدد سے۔ دھاگے کی مدد سے اسٹیکنگ کرنا تھوڑا مشکل ہوتا ہے۔ اس کے لیے بالوں کی چھوٹی لٹوں کو دھاگے سے باندھ لیں، پھر ان کو رنگ لیں۔ تھوڑی دیر بعد جب دھاگا کھولیں گی تو ان پر ہائی لائٹ کی طرح اسٹیکنگ ہوچکی ہو گی۔ اکثر خواتین برائون اور سیاہ رنگوں کا ہی انتخاب کر تی ہیں، مگر کچھ خواتین فیشن کی مناسبت سے بھی رنگ کا انتخاب کرتی ہیں۔ یعنی نیلے ، لال ،اورنج اور پیلے۔