عظمٰی صدیقی
عید الاضحی کے دن یقیناً آپ بہت زیادہ مصروف ہوں گی، کیوں کہ گوشت سمیٹنے کے ساتھ ساتھ رات کی دعوت کے پکوان کی تیار ی بھی چل رہی ہوگی۔
اس میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ہمیشہ کی طر ح ہم بقرہ عید کے اس پرُمسرت موقع پر ہم آپ کو گوشت کے مزیدار پکوان کی تراکیب بتارہے ہیں۔ انہیں آزماکر اپنی دعوت کا مزہ دوبالا کریں۔
……کلیجی ……
اجزا: گائے کی کلیجی ایک کلو، ٹماٹر ایک پاؤ (کٹے ہوئے)، لیموں کا رس تین کھانے کے چمچے، ادرک لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے، گرم مسا لہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، قصوری میتھی دو کھانے کے چمچے، کُٹی لال مرچ دو کھانے کے چمچے، ہرا دھنیا ایک گٹھی (باریک کاٹ لیں) ہری مرچیں آٹھ عدد (باریک کٹی ہوئی) ادرک ایک کھانے کا چمچہ (باریک کٹی ہوئی) دہی ایک پاؤ، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: کلیجی کو اچھی طرح دھو لیں، تاکہ اس کی بساند نکل جائے اور کلیجی میں لیموں کا رس لگا کر دس منٹ کے لئے رکھ دیں۔ ایک بڑے توے یا کڑاہی میں کلیجی ڈال کر پانچ منٹ کے لئے ڈھکن ڈھانک کر تیز آنچ پر رکھیں۔
جب خوب بھاپ آئے تو بڑی چھری سے اس کو ہلکا ہلکا کچل لیں۔ اس کے بعد کٹے ہوئے ٹماٹر، دہی، کُٹی لال مرچ، نمک، ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر دوبارہ دس منٹ کے لئے ڈھکن ڈھانک کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔
جب پانی خشک ہو جائے تو اس میں تیل، پسا ہوا گرم مسالہ، میتھی ڈال کر پھر سے پانچ منٹ کے لئے ڈھکن ڈھانک دیں۔ جب تمام چیزیں گل جائیں تو ہرا دھنیا، ہری مرچیں، ادرک کٹی ہوئی ڈال کر ہلکا سا کُوٹ لیں۔ دو سے چار منٹ بعد دم پر رکھ کر بھون لیں۔ سلاد، رائتہ اور نان کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔
……مٹن چاپس……
اجزاء: مٹن چاپس ایک کلو، تیل ایک پیالی، دہی ایک پیالی، لیموں کا رس تین سے چار کھانے کے چمچے، کچا پپیتا (پسا ہوا) ایک کھانے کا چمچہ، نمک حسب ِضرورت، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ، کٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، ادرک لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے، پسا ہوا گرم مسالہ ایک کھانے کا چمچہ، کوئلہ ایک عدد۔
ترکیب: تیل، دہی، لیموں کا رس، پپیتے کا پیسٹ، نمک، پسی لال مرچ، کُٹی لال مرچ، ادرک لہسن کا پیسٹ اور گرم مسالے کو چاپس پر اچھی طرح لگا کر تین چار گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ پھر ان چاپس کو اسٹیم کر لیں۔ آخر میں کوئلے کی دھوانی دیں یا پھر گرل پین پر گرل کر لیں۔ تیار ہونے پر میش آلو کے ساتھ پیش کریں۔
……چپلی کباب ……
اجزا: قیمہ ایک کلو (باریک پسا ہوا)، مکئی کا آٹا ایک پاؤ، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ،ہری مرچ چار عدد سوکھا دھنیا دو چائے کے چمچے (بھون کرموٹا پیس لیں )، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ (پسا اور بھنا ہو ا)، ٹماٹر چار عدد، پیاز ایک عدد، تیل تلنے کے لیے، انڈے چار عدد، ہرا دھنیا، پودینا حسبِ ضرورت،انار دانہ دو کھانے کے چمچے (موٹا پیس لیں)۔
ترکیب: ٹماٹر، ہری مرچ، دھنیا اور پودینا باریک کاٹ لیں۔ مسالہ موٹا موٹا پیس کر سفید زیرے کے ساتھ قیمے میں ملالیں، ساتھ ہی مکئی کا آٹا اور انڈے پھینٹ کرشامل کردیں۔ اب درمیانے سائز کے کباب بنالیں۔ فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے کباب سنہری تل لیں۔ چپلی کباب تیار ہے۔ چپاتی سے کھائیں۔
…بیف اسٹک کباب …
اجزاء: قیمہ آدھا کلو، نمک حسب ذائقہ، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ، گرم مسالہ پاؤڈر ایک سے دو چائے کا چمچہ، لال مرچ (کٹی ہوئی) ایک سے دو چائے کا چمچہ، پیاز ایک عدد (باریک چوپ کرلیں)، انڈا ایک عدد، کارن فلور ایک عدد، ثابت دھنیا(کٹا ہوا) ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچ (کٹی ہوئی) ایک کھانے کا چمچہ، ہرا دھنیا(چوپ کرلیں) ایک سے دو کپ، تیل حسب ذائقہ، لکڑی کی اسٹک حسبِ ضرورت۔
ترکیب: قیمے کو چوپر میں پیس لیں۔ نمک، لہسن، ادرک پیسٹ، زیرہ، گرم مسالہ پاؤڈر، کٹی لال مرچ، پیاز، انڈا، کارن فلور، کٹا ہوا دھنیا، کٹی ہوئی ہری مرچ اور ہرا دھنیا ڈال کر اچھی طرح مکس کرکے تھوڑی دیر فریج میں رکھ دیں۔ کباب بنا کر گرم تیل میں تلیں۔ اب اسے لکڑی کی اسٹک میں لگا کر پلیٹ میں رکھیں۔ سلاد، چٹنی اور کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔
…بیف شنواری کڑاہی …
اجزاء: تیل ایک کپ، بیف ایک کلو، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ، ٹماٹر تین سے چار عدد، نمک حسبِ ذائقہ، پسی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ، گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچیں پانچ سے چھ عدد۔
ترکیب: ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے گوشت ڈال کر اچھی طر ح مکس کرلیں اور اتنا پکائیں کہ گوشت کی رنگت تبدیل ہو جائے، پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر مکس کرلیں۔
اب اس میں ٹماٹر شامل کرکے ہلکی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ ٹماٹر اچھی طرح گل جائیں۔ بعدازاں اس میں نمک، کالی مرچ ڈال کر 10 منٹ کے لیے ڈھک کر پکائیں، پھر اس میں گرم مسالہ اور ہری مرچیں شامل کرکے تھوڑی دیر کے لیے دم پر لگا دیں۔ مزیدار شنواری کڑاہی تیار ہے۔
…کچے گوشت کی بریانی…
اجزا: بیف ڈیڑھ کلو، چاول ایک کلو، لہسن ادرک کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے، دہی آدھا کلو، نمک حسب ِضرورت، کالا زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ٹماٹر آدھا کلو، پیاز آدھا کلو، لال مرچ دو کھانے کے چمچے ہلدی آدھا چائے کا چمچہ ،ہری مرچیں چھ عدد، پپیتا پسا ہوا چار چائے کے چمچے، گھی دو کھانے کے چمچے۔
ترکیب: سب سے پہلے چاولوں کو صاف کر کے دھولیں اور ایک کنی پر اُبال لیں۔ چاول اُبالتے وقت ان میں ایک چائےکا چمچہ نمک، اور زیرہ شامل کر دیں، ساتھ ہی دو تین عدد ہری مرچیں بھی اس میں ڈال دیں۔
پیاز اور ٹماٹر باریک کاٹ کر باقی تمام مسالوں اور اجزا کے ساتھ گوشت میں شامل کر لیں۔ پتیلی میں گھی گرم کر لیں اور ایک پیاز باریک کاٹ کر ہلکی براؤن کرلیں، پھر اس میں تمام اجزا اور گوشت ڈال کر اس کے اوپر چاول پھیلا دیں۔ ساتھ ہی زرد رنگ کا بھی شامل کردیں اور دھیمی آنچ پر ایک گھنٹے پکنے دیں۔ جب بریانی پر دم آجائے تو چاولوں اور گوشت کو چمچے سے ہلالیں۔ مزیدا ر کچے گوشت کی بریانی تیار ہے۔
……شیر خرما……
اجزاء: چھوہارے آدھا پاؤ، کھوپرا آدھا پاؤ، کشمش ايک چھٹانک، چھوٹی الائچی چھ عدد، پستہ پچاس گرام، سوئیاں ايک پاؤ، دودھ ايک کلو، چینی حسبِ ذائقہ، لونگ دو عدد، بادام پچاس گرام، گھی حسبِ ضرورت
ترکیب: سوئیوں کو اُبال کر ان ميں تھوڑا سا گھی ملائیں اور الگ رکھ دیں، چھوہارے باريک کاٹ لیں۔ بادام اور پستے بھی کاٹ لیں۔ اب حسب منشاء گھی میں لونگ اور الائچی کے دانے ملا کر ہلکی آنچ پر سرخ کر ليں، اس کے بعد اُبلتے ہوئے دودھ ميں کٹا ہوا سارا ميوہ ملا دیں، پھر تھوڑی دير تک پکائیں، پھر اتار کر ابلی ہوئی سوئیاں اس میں ملا دیں اور حسب ذائقہ شکر ملا کر پکنے دیں۔ اتنا پکائیں کہ سوئیاں اور دودھ يک جان ہو جائیں اور گاڑھا پن آجائے، حسب منشا جتنا گاڑھا کرنا چاہیں کر لیں، مزيدار شیر خرما تیار ہے۔
……رس ملائی……
اجزاء: خشک دودھ ایک کپ، انڈا پھینٹا ہوا، ایک عدد، تیل تین سے چار کھانے کے چمچے، بیکنگ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، دودھ ایک کلو، چینی ایک کپ، پستہ بادام حسبِ ضرورت۔
ترکیب: خشک دودھ، انڈا، بیکنگ پاؤڈر اور تیل ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔جب مکس ہو جائے تو اس کی بالز بنا لیں۔ پھر ایک دیگچی میں دودھ اْبال لیں اور ساتھ ہی چینی شامل کرکے دس سے بارہ منٹ تک پکائیں اور گاڑھا کرلیں۔
اس کے بعد وہ بالزڈال دیں۔ پھر ان رس ملائیوں کے ساتھ مزید چانچ منٹ پکائیں اور پھر ٹھنڈا کر لیں۔ اب ایک پیالے میں نکال کر پستہ بادام سے گارنش کر لیں اور پیش کریں۔