بلوچستان، 5 اضلاع میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم 26 ستمبر سے شروع ہوگی

September 23, 2022

بلوچستان، 5 اضلاع میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم 26 ستمبر سے شروع ہوگی

ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈی نیٹر حمید اللّٰہ ناصر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے 5 اضلاع کی141یونین کونسلز میں 7 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم 26 ستمبر سے شروع ہوگی۔

پولیو مہم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےحمید اللّٰہ ناصر نے کہا کہ کوئٹہ، پشین، چمن، قلعہ عبداللّٰہ کے تمام اضلاع میں جبکہ ژوب کی 8 یونین کونسلز میں خصوصی انسداد پولیو مہم ہوگی۔

انہوں نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر باقاعدہ پولیو مہم کا آغاز کردیا۔ اس موقع پر یونیسیف، ڈبلیو ایچ او اور بی ایم جی ایف کے نمائندے بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ سات روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 8 لاکھ 85 ہزار کے قریب بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، 3 ہزار 680 کے قریب ٹیمیں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر مامور ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران تمام عملے کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے گی، جس پر بلوچستان لیویز، پولیس اور ایف سی کے جوان تعینات ہوں گے۔

حمید اللّٰہ ناصر نے کہا کہ پولیو وائرس ان بچوں کو اپنا نشانہ بناسکتا ہے جو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ بلوچستان میں جنوری سال 2021 سے اب تک پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، صوبے کے ماحولیات میں اپریل 2021 سے اب تک پولیو وائرس نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں کے اضلاع اور افغانستان میں پولیو وائرس کی موجودگی صوبہ بلوچستان کے لئے ایک چیلنج ہے۔

انہوں نے تمام والدین سے اپیل کی کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم کے دوران پولیو ورکرز سے بھرپور تعاون کریں، اپنے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلائیں، پولیو کے خاتمے کیلئے ہونے والی مہمات کے باعث آج بلوچستان میں اس مرض پر ممکنہ حد تک قابو پالیا گیا ہے جو کہ بڑی پیشرفت ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈی نیٹر کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں معاشرے کے تمام طبقات کا کردار ادا کرنا خوش آئند بات ہے۔ جس سے اس مرض کے تدارک میں مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں میں اس بارے میں شعور اجاگر کرنے میں دیگر طبقات کے ساتھ علماء کرام کا کردار نہایت ہی اہم ہے، جس کے باعث آج پولیو کے خلاف ہم منظم انداز میں مہم چلا کر اپنے بچوں کو محفوظ بنارہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک 19 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔