پنجاب حکومت کی تبدیلی کافیصلہ ن لیگ کو کرنا ہے‘ فضل الرحمٰن

September 24, 2022

وہاڑی(نمائندہ جنگ ) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پنجاب حکومت کی تبدیلی کافیصلہ مسلم لیگ ن کو کرنا ہے۔عمران خان کو اگر دین سے متعلق سوجھ بوجھ نہیں ہے تو دین کے معاملہ میں زبان نہ کھولی جائے، عالمی طاغوتی قوتوں کا مقصد اسلام کو بدنام کرنا اور مسلمانوں کو تقسیم کرنا ہے اس وقت مسلم امہ کو اتحاد کی ضرورت ہے پوری دنیا میں مختلف مذہب موجود ہیں لیکن بدنام صرف اسلام کو کیا جارہا ہے قادیانی بھی خود کو ایک مذہب کہتے ہیں لیکن مذہب کے نام پر یہ ایک فتنہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ خالد بن ولید ٹھینگی میں ادارہ کے مہتمم شیخ الحدیث مولانا ظفر احمد قاسم کی وفات پر تعزیت کے بعد علماء ، طلباء اور معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خاتمہ کیلئے مسلم لیگ ن کی حکومت اقدامات کر رہی ہے ہم تو عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے بہترین مشورے دے رہے ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے جامع خالد بن ولید پہنچنے کے بعد شیخ الحدیث مولانا ظفراحمد قاسم کی وفات پر ان کے بیٹوں اور دیگر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور کہا کہ مولانا ظفر احمد قاسم کی دین کی تعلیم و تبلیغ کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔