اسلام آباد (عاصم جاوید) وزیراعظم پاکستان کے خط کے بعد اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے دفاتر کے درمیان ملاقات کیلئے مشاورت کا عمل آغاز کردیا گیا دوسری جانب تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریوں کی پیشرفت کیلئے 15 ستمبر کو اجلاس طلب کر لیا۔ گزشتہ روز سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس کے چیمبر میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، شہرام ترکئی، فردوس شمیم نقوی، حسین اخونزادہ اور محسن شہریار نے شرکت کی۔ اجلاس میں 27ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔ اپوزیشن قائدین محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے تحریک انصاف کو27 ستمبرکے حوالے سے بھر پور تیاری کرنے کی ہدایات کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم پاکستان کے خط کے بعد اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے دفاتر کے درمیان ملاقات طے کرنے کے حوالے سے مشاورت کا عمل شروع کردیا گیا ۔ اپوزیشن قائدین نے پاکستان کے بگڑتے ہوئے حالات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ جلد از جلد تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرکے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ مسائل کے حل کی اجتماعی سوچ تک پہنچا جا سکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 15 ستمبر کو تحریک تحفظ آئین کا اجلاس ہو گا جس میں آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔