ہائیکورٹ: صوبائی سیکرٹری نے سپرنٹنڈنگ انجینئرکو ایم ڈی واسا لگا دیا

September 24, 2022

ملتان( سٹاف رپورٹر)ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس امجد رفیق نے تین سال سکینہ بی بی کو باپ کی تحویل سے لیکر اس کی ماں شازیہ بی بی کے حوالہ کردیا۔ ایس ایچ او تھانہ صدر وہاڑی نے نابالغہ بچی کو برآمد کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا۔ہائی کورٹ ملتان بنچ کے ججز جسٹس عابد حسین چٹھہ اور جسٹس انوار حسین پر مشتمل ڈویژن بنچ نے واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر قیصر رضا کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کرتے ہوئے پوچھا کہ مستقل ایم ڈی واسا کب تک تعینات کیا جائیگا اور موجودہ قائم مقام ایم ڈی قیصر رضا سے کب اضافی چارج لیا جائے گا۔اس پر صوبائی سیکرٹری نے فوری طور پر ایم ڈی واسا کو ہٹاکر ان کی جگہ سپرنٹنڈنگ انجنئیر ظہور احمد ڈوگر کو لگادیا اور فاضل عدالت کو تحریری احکامات کی کاپی بھجوادی۔جسٹس شکیل احمد نے ماتحت عدالت کے فیصلہ کو معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیا ہے اور کیس کو تین ہفتے بعد ری لسٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پیٹیشنر صابر حسین کے وکیل محمد عامر خان بھٹہ نےموقف اختیار کیا کہ ان کے موکل نے تونسہ کی حاجراں بی بی کے ساتھ محبت کی شادی کی مگر نکاح رجسٹرڈ نہ کرایا بلکہ ایک اقرار نامہ لکھا جس میں ایک کنال اراضی۔ایک تولہ سونا اور3ہزار روپے ماہانہ خرچہ دینے کے بارے میں تحریر کیا گیا۔ بعد ازاں خاتون نے فیملی جج کی عدالت میں اراضی کی منتقلی کیلئے کیس دائر کردیا جو عدالت نے خارج کردیا تاہم ایک تولہ سونے کے حق کو تسلیم کرلیا۔خاتون نے اس فیصلہ کے خلاف سیشن عدالت سے رجوع کیا۔ جس نے اراضی کے حوالے سے ڈگری جاری کردی۔