ثقافت و زبان قوموں کی پہچان، پشتون کلچر ہمارا اثاثہ، اے این پی

September 24, 2022

کوئٹہ(پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر نے پشتون ثقافت ڈےکے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ ثقافت قوموں کے زوال و عروج میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ثقافت اور زبان قوموں کی پہچان ہے ،قوموں کی تاریخ میں ثقافت بنیادی کردار ادا کرتی ہے ہمارے روز مرہ رہن سہن، شادی بیاہ کی تقریبات موسیقی اور لباس ہماری ثقافت کا اثاثہ ہیں ۔قوموں سے اچھے تعلقات ،وطن کی بقا کی جنگ ،معاشرے سے برائیوں کا خاتمہ اور اچھے اقدار کے لئے جدوجہد ہی ہماری ثقافت کی پہچان ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاریخی حوالے سے پشتون بہترین خوبیوں کی مالک قوم ہے لیکن موجودہ صدی میں پشتونوں پر ایک اجنبی جنگ جو دنیا کے کئی طاقتور ملکوں کے مفادات کی جنگ ہے جس میں پشتون وطن کو تاریخی نقصان سے دوچار کیا ۔انہوں نے کہا کہ باچا خان اور خان عبدالولی خان کی سیاسی اور جنگی حوالے سے خدشات آج درست ثابت ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پشتونوں کو چاہئے کہ وہ حصول تعلیم کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں ۔