چوتھا ٹی ٹوئنٹی آج، تماشائیوں میں زبردست دلچسپی

September 25, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھا ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔پاکستانی ٹیم کی ملی جلی کارکردگی کے باوجود تماشائی سیریز میں زبردست دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور میچ کے ٹکٹ نایاب ہوگئے ہیں۔ تیسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 63 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے پاکستانی بولرز تیسرے میچ میں انگلینڈ کے نوجوان بیٹرز کے سامنے بے بس دکھائی دیے جنھوں نے ان کی ناقص بولنگ کی خوب درگت بنائی۔توقع ہے کہ تیسرے میچ میں بڑی شکست کے بعد سیریز میں واپس آنے کے لئے پاکستانی ٹیم میں شاداب خان،آصف علی اور نسیم شاہ کی شمولیت کے امکانات ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم میں بیٹنگ کے لئے ساز گار پچ پر پاکستانی بیٹنگ ناکام رہی۔حیدر علی تین اور افتخار صرف چھ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے اور پھر شان مسعود اور خوشدل شاہ نے 15 رنز کی اوسط کے حساب سے کھیلنے کی کوشش کی جو بے سود رہی۔تاہم شان مسعود کی اپنی دوسری ٹی ٹوئنٹی اننگز میں نصف سنچری یقیناً پاکستان کے لیے اس میچ کی اکلوتی خوش آئند بات رہی۔شان مسعود نے 40 گیندوں پر 65 رنز کی اچھی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان نے 20 اوورز کے اختتام پر 158 رنز بنائے اور یوں جمعرات کو بہترین کارکردگی دکھانے والی بیٹنگ آج اوپنرز کے آؤٹ ہوتے ہی لڑکھڑا گئی۔پلیئر آف دی میچ ہیری بروک گذشتہ دونوں میچوں کی طرح آج بھی بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیے اور 230 سے زیادہ کے سٹرائیک سے 35 گیندوں پر 81 رنز کی یادگار اننگز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔سیریز کے آخری تین میچ لاہور میں بدھ سے ہوں گے۔