کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی سی بی نےملتان سلطانز کے کوچنگ اسٹاف کیلئے رابطے شروع کردئیے ہیں، اگلے پی ایس ایل ایڈیشن میں پی سی بی ملتان سلطانز کے معاملات خود دیکھے گا۔ پی ایس ایل 11 کے بعد پی سی بی نئے مالک کو فائنل کریگا۔ علی ترین نے پی ایس ایل رینیول لیٹرنہ ملنے پرملتان سلطانز کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے ٹیم مینجمنٹ کے لئے سابق کرکٹرز عبدالرزاق، مشتاق احمد اور توفیق عمر کے پر غور شروع کردیا، جن کو ہیڈ کوچ، اسسٹنٹ کوچ اور بیٹنگ کوچ کی پیشکش ہوسکتی ہے، دو تین مزید کرکٹرز سے بھیدستیابی پوچھنے کے لیے رابطے کیے گئے ہیں، چیئرمین پی سی بی کی منظوری کے بعد مینجمنٹ فائنل کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق انتظامی امور کیلئے سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا نام بھی سامنے آگیا، اسپنر مشتاق احمد ملتان سلطانز کے ساتھ بطور اسپن کنسلٹنٹ بھی کام کرچکے ہیں۔ پی ایس ایل کا گیارہواں ایڈیشن مارچ کے آخری ہفتے میں شروع ہو گا جس کے لیے دو نئی ٹیموں کی خریداری کے لیے دس پارٹیوں میں مقابلہ ہوگا۔ نیلامی کی تقریب 8 جنوری کو جناح اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگی۔