پونڈ کی قدر میں کمی سے پٹرول کی قیمت میں اضافہ

September 26, 2022

لندن (پی اے) پونڈ کی گرتی ہوئی قدر کے سبب اب پٹرول کی ٹنکی بھروانے کے لیے5پونڈ زیادہ ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔ پونڈ کی قدر میں کمی کے سبب پٹرول کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کو نقصان پہنچا ہے۔ موٹر مالکان کی تنظیم کا کہنا ہے کہ اگر پونڈ کی قیمت فروری کے وسط کی سطح پر برقرار رہتی تو پٹرول9پنس فی لیٹر کی شرح سے سستا ہوجاتا۔ فروری کے وسط میں پونڈ کی قیمت1.35ڈالر کے مساوی تھی جو کم ہوکر1.14ڈالر ہوگئی ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں پونڈ کی یہ قدر گزشتہ37سال میں سب سے کم ہے۔ جس کی وجہ سے55لیٹر کی پٹرول کی ٹنکی بھروانے پر4.95پونڈ بڑھ گئی۔ اس ہفتے کے آغاز پر پٹرول کی قیمت164.8پونڈ فی لیٹر تھی جوکہ اگست کی173.5پونڈ کے مقابلے میں8.7پونڈ کم تھی۔ عالمی منڈی میں پٹرول ڈالر کی شرح سے فروخت ہوتا ہے، جس کی وجہ سے پونڈ کی قدر میں کمی سے موٹر مالکان متاثر ہوتے ہیں۔ تیل کی قیمتوں سے متعلق ڈبل اے کے ترجمان لیوک بوسڈیت کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ دو تہائی کا سبب پونڈ کی قیمت میں کمی ہے۔ امریکہ کی کرنسی مضبوط ہونے کے سبب کئی مہینوں سے پونڈ کی قیمت کم رہی ہے۔