چند منٹوں میں کورونا کی تشخیص کرنے والا ماسک تیار

September 26, 2022

سائنس دانوں نے ایک ایسا ماسک تیار کیا ہے جو چند منٹوں میں کورونا وائرس کی تشخص کرسکتا ہے۔ وائرس کی ہوا میں نشان دہی کرکے ماسک پہننے والے کو ان کے فون میں ایک ایپ کے ذریعے مطلع کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس ماسک میں سوائن فلو برڈ فلو کی تشخیص کی بھی صلاحیت ہے۔یہ بیماریاں ہوا میں متاثرہ افراد کے بولنے، کھانسنے یا چھینکنے کی وجہ سے خارج ہونے والے چھینٹوں کی صورت میں پھیلتی ہیں۔ یہ باریک اور نا دِکھائی دینے والے مالیکیول ہوا میں کافی عرصے تک رہتے ہیں اور اس ہوا میں سانس لینے کی وجہ سے لوگ بیمار پڑتے ہیں۔

چین میں محققین نے اس ماسک کی آزمائش ایک بند چیمبر میں کی جہاں ماسک پر وائرس پروٹینز کا مائع اسپرے کیا گیا۔سینسر نے صرف 0.3 مائیکرو لیٹر مائع چھڑکنے پر ہی وائر کے حوالے سے متنبہ کر دیا۔ یہ مقدار چھینک سے بننے والے چھینٹوں سے 70 سے 560 گُنا کم جب کہ کھانسنے یا بات کرنے کے سبب اس سے بھی کم قطرے بنتے ہیں۔ ماسک میں لگے سینسر میں ایپٹامرز موجود ہیں۔ یہ ایک قسم کا سائنتھیٹک مالیکیول ہوتا ہے جو پیتھوجنز میں موجود پروٹینز کی نشان دہی کرسکتا ہے۔

سائنس دانوں نے جن ماسک کی آزمائش کی ان میں موجود ایپٹامرز کووڈ-19، سوائن فلو اور برڈ فلو کی تشخیص کر سکتے ہیں۔ تحقیق کے ایک مصنف ڈاکٹر یِن فینگ، جن کا تعلق شینگھائی ٹونگجی یونیورسٹی سے ہے، کا کہنا ہےکہ گزشتہ مطالعے میں بتایا گیا تھا کہ فیس ماسک بیمارے کے پھیلنے کے امکانات کو کم کردیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے ماسک بنانا چاہتے تھے جو ہوا میں موجود وائرس کی موجودگی سے متنبہ کرے اور ماسک پہننے والے کو خبردار کرے۔