سارہ انعام قتل کیس، مرکزی ملزم شاہنواز کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ، ملزم کے والد ایاز امیر کا بھی ایک روزہ ریمانڈ

September 27, 2022

اسلام آباد(بلال عباسی)سینئر سول جج محمد عامر عزیز نے کینیڈین اہلیہ سارہ انعام کو قتل کرنے کے جرم میں گرفتار ملزم شاہنواز کا مزید 3 روزہ جبکہ اس کے والد سینئر صحافی ایاز میر کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ایازمیر کی سابق اہلیہ ثمینہ شاہ کی درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کرلی ہے۔ پیر کو سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے کہاکہ ملزم شاہنواز امیر سے پاسپورٹ کی برآمدگی اور بیرون ملک سے منگوائی جانیوالی رقم برآمد کرنی ہے، 7 دن کا ریمانڈ دیا جائے ،عدالت نے استفسار کیاکہ ایاز امیر کا اس کیس میں کیا تعلق ہے،تفتیشی افسر نے کہاکہ ملزم ایاز امیر کو مقتولہ کے چاچا اور چچی نے نامزد کیا ہے، مقتولہ کے والدین آج یا کل کینیڈا سے پاکستان پہنچیں گے ،عدالتی استفسار پر ایازمیر نے کہاکہ میں خود ہی اپنا کیس لڑونگا، وقوعہ کی اطلاع میں نے خود پولیس کو دی،پولیس نے دفعہ 109 کے تحت مجھے رکھا جبکہ میرے خلاف کچھ بھی نہیں، پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم ایاز امیر کو تو مقتولہ کے ورثا نے نامزد کیا ہے،شادی سے یہ سازش شروع ہو رہی ہے،مقتولہ کے والدین بھی کل تک پہنچ جائیں گے انکے پاس ثبوت موجود ہیں،ملزم ایاز میر نے کہاکہ شادی میں جو سازش ہوئی ہے اسکی بنیاد تو کوئی بنائیں، ادھر کیس میں ملزمہ ایاز امیر کی سابق اہلیہ ثمینہ شاہ کی جانب سے بیرسٹر حسنات گل کے زریعے دائردرخواست ضمانت قبل از گرفتاری میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ ملزمہ کا نام مقتولہ کے چاچا چاچی نے نامزد کیا،ملزمہ ثمینہ شاہ کا واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ، ملزمہ چشم دید گواہ بھی نہیں،ملزمہ ثمینہ شاہ صحت کے مسائل سے دوچار ہے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ملزمہ ثمینہ شاہ کی ضمانت از قبل از گرفتاری منظور کی جائے، عدالت نے50ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض ملزمہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کردی۔