لاہور(آصف محمود بٹ )گورنر ہاؤس لاہور میں پاک چین دوستی ایوارڈ تقریب میں تعلقات کی شان دار جھلک۔ چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اور مقامی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے نتیجے میں پاکستان کے اتھ باہمی روابط مزید مضبوط ہوئے۔ پاکستان اور چین کی آہنی دوستی حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں بستی ہے، اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس رشتے کو مضبوط بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ وہ گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ چین پاکستان دوستی ایوارڈ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں سرمایہ کاری، میڈیا، تعلیم، ثقافت اور سکیورٹی کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی پاکستانی شخصیات کو ایوارڈز دیے گئے۔چینی قونصل جنرل نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان افراد نے عملی اقدامات کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دیا اور پاک چین تعلقات میں نئی توانائی شامل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایوارڈ یافتگان کا تعلق مختلف شعبوں سے ہے مگر سب کا مشترکہ مقصد پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کو آگے بڑھانا ہے۔ بعض افراد نے دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھانے میں کردار ادا کیا کچھ نے میڈیا کے ذریعے پاک چین تعلقات کی مثبت تصویر دنیا کے سامنے رکھی اساتذہ نے پاکستانی طلبہ کو چینی زبان اور ثقافت سے روشناس کرایا جبکہ سکیورٹی اداروں کے افسران نے پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور حالیہ سیلاب کے دوران تین ہزار سے زائد متاثرین کو امدادی سامان فراہم کیا گیا، جبکہ متاثرہ علاقوں کی بحالی میں بھی تعاون کیا گیا۔