کراچی (اسد ابن حسن)ڈکی بھائی کے بیانات اور مقدمے کے چالان میں واضح تضادات، بہت سے الزامات اس کے چالان اور NCCIA افسران کے خلاف مقدمے کی نفی کرتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی نے اپنی جیل سے رہائی کے بعد جو 50 منٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی اور بعد میں ایک اور یوٹیوبر جو مرحوم اینکر عامر لیاقت حسین کی قابل اعتراض ویڈیو مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے الزام میں مرحوم کی سابقہ بیوی دانیا شاہ کے ساتھ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کے مقدمے میں ملزم نامزد ہے اس نے بھی ڈکی کی "مظلومیت" کے حوالے سے ویڈیو بنا ڈالی۔ ڈکی نے جو ان دونوں ویڈیوز میں اپنی مظلومیت کا رونا رویا ہے وہ اس کے خلاف جمع کردہ چالان میں کچھ اور ہی حقائق بیان کر رہا ہے۔ ملزم ڈکی کی بیوی عروب جتوئی نے این سی سی آئی اے افسران کے خلاف مقدمہ درج کرایا جو خود بھی ملزمہ ہے۔ ملزم نے دعوی کیا کہ اس سے زبردستی اس کے ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹ سے تین لاکھ 26 ہزار کرپٹو کرنسی کوائن نکلوا کر ہڑپ کر لئے گئے جبکہ مذکورہ ڈالرز ادارے کے اپنے بنائے گئے ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں موجود ہیں۔ چالان میں یہ بھی تحریر ہے کہ جب اس کے ایک اکاؤنٹ جو کہ حبیب بینک میں تھا اس میں 39 کروڑ 97 لاکھ 97 لاکھ 20 روپے کریڈٹ ہوئے، جبکہ 30 کروڑ 55 لاکھ 92 ہزار 671 روپے ڈیبٹ ہوئے اور اس کے اس اکاؤنٹ میں 16 کروڑ 71 لاکھ 26 ہزار 421 روپے موجود تھے۔ اس کے دوسرے بینک الحبیب کے اکاؤنٹ میں 50 لاکھ 47 ہزار 726 روپے کریڈٹ ہوئے پانچ لاکھ روپے ڈیبٹ ہوئے اور چالان جمع کراتے وقت اس کے اکاؤنٹ کا بیلنس پانچ کروڑ 42 لاکھ 7ہزار 263 روپے موجود تھے۔