پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی میں بہت وقت لگے گا، راجہ عبدالقیوم

September 28, 2022

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) شدید بارشوں اور سیلاب کے پانی کی وجہ سے پاکستان کا بڑا حصہ اس وقت پانی کی جھیلوں میں تبدیل ہوگیا ہے۔ مختلف حصوں کے آپس میں زمینی راستے بند ہیں اور بحالی میں بہت وقت لگے گا، ہمیں مل کر پاکستان کے سیلاب متاثرین کو اس مشکل صورتحال سے نکالنا ہو گا، ان کا سب کچھ اجڑ چکا ہے، اب ہنگامی بنیادوں پر پکا پکایا کھانا انہیں بروقت مہیا کرنا ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار راجہ عبدالقیوم نے سماجی و سیاسی رہنماؤں کے ہمراہ برمنگھم کے مقامی ریسٹورنٹ میں القیوم فائونڈیشن انٹرنیشنل کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدگان کی مالی مدد کیلئے کی جانے والی سرگرمیوں سے آگاہی کیلئے پریس کانفرنس میں کیا۔اس موقع پربتایا گیا کہ متاثرین کی کس طرح امداد کی جاسکتی ہے اور وہ کن مشکلات سے گزر رہے ہیں،راجہ عبدالقیوم نے کہا کہ القیوم فائونڈیشن انٹرنیشنل نےلنگر خانہ اور سیلاب متاثرین کی بروقت امداد،جزیرہ نما بستیوں میں پکا ہوا کھانا پہنچاکر بڑا اقدام کیا ہےجس کو اوورسیز پاکستانیوں نے سراہا ہے۔ انہوں نےاس وقت تک ہونے والے کام کے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کو آگاہی دی جب کہ متاثرین کو مزید امداد اور ان کو فوری طور پراشیائے ضروریہ پہنچانے کے بارے میں مخیر افراد سے مالی مدد کی اپیل کی،پریس کانفرنس میں میڈیا کو ویڈیو بھی دکھائی گئیں جس میں بتایا گیا کہ متاثرین خیمہ بستیوں میں پانی کے درمیان بغیر سہولیات کے کس طرح اپنے خاندانوں کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، ان کے پاس نہ پینے کا پانی ہے اور نہ کھانا ہے،القیوم فائونڈیشن کے رضا کار ان متاثرین کو کشتیوں کے ذریعہ پکا ہوا کھانا اور مچھر دانیاں مہیا کررہے ہیں۔پریس کانفرنس میں قائد اعظم ٹرسٹ کے چیئرمین راجہ اشتیاق،چوہدری اظہر اور خواجہ سلیمان نے گفتگو کرتے ہوئے القیوم فانڈیشن کے رضا کاروں کو خراج تحسین پیش کیا جو آزاد کشمیر سے شکار پور اور دادو سندھ میں متاثرین کی خدمت کیلئے مصروف ہیں، چیئرمین القیوم فائونڈیشن راجہ عبدالقیوم اور دیگر نے مخیر افراد سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اپنی بساط کے مطابق القیوم فائونڈیشن کی مالی مدد کریں تاکہ متاثرین کی امداد کو جاری رکھا جا سکیں، شرکاء نےسیلاب متاثرین کی ویڈیو دیکھ کر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر پاکستانی سے امداد میں حصہ لینے کی اپیل کی۔