عمران نے سائفر پر عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی، تجزیہ کار

October 01, 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ) عمران خان کی جمعہ کو لیک ہونے والی دوسری آڈیو کے حوالے سے ملک کے معروف تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سائفر کے معاملے پر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی‘ سازشی بیانیہ بناکر معیشت اور خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگادیا‘ سب پر کیچڑ اچھالا‘ کسی ادارے کو نہیں چھوڑا ‘ دین کا نام لیکر ایسا کام کرنا افسوسناک ہے ‘ آخر سیاسی فائدے کیلئے کوئی کتنا گر سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار حامد میر‘ انصار عباسی ‘شاہزیب خانزادہ ‘شہزاد اقبال اور سلیم صافی نے جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں کیا۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر کا کہنا تھا کہ جب اسد عمر صاحب نے ان کو کہا کہ ہم اس کو لیٹر نہیں کہہ سکتے تو عمران خان صاحب نے اسد عمر کو جو کہا ہے وہ بڑا اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کہہ رہے ہیں کہ نہیں ہم اس کو لیٹر ہی کہیں گے عوام کو کہاں سمجھ آتی ہے تو یہ عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش تھی اور یہ جو دوسری قسط ہے اس میں کچھ اہم تفصیلات ابھی نہیں ہیں اس حوالے سے جو مزید گفتگو تھی عمران خان صاحب کی ان کے کچھ لیگل ایکسپرٹس کے ساتھ اور فارن آفس کے لوگوں کے ساتھ وہ شاید ابھی اس میں شامل نہیں ہیں وہ ہو سکتا ہے کہ وہ دوسری قسط میں آجائیں یا ہو سکتا ہے کہ ان کو نہ پبلک کیا جائے کیوں کہ اس میں جو فارن آفس کے کچھ لوگ ہیں وہ بھی یہی بات کہہ رہے ہیں جو کہ اسد عمر صاحب نے کی ہے۔

حامد میر کے مطابق اس میں ٹیکنیکل چیز جو سمجھنے والی ہے وہ یہ ہے کہ عوام کو اتنا بیوقوف نہیں سمجھنا چاہیے جو سمجھدار لوگ تھے ان کو پہلے دن سے پتہ تھا کہ یہ عمران خان جو ہیں وہ ایک جو تجزیہ ہے اس کو سائفر قرار دے رہے ہیں خط قرار دے رہے ہیں‘ کیبنٹ کے اندر سے ہی یہ بات جو ہے یہ ہمیں پتہ چلی تھی کہ عمران خان صاحب کو سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ یہ لیٹر نہیں ہے آپ اس پر مت کھیلیں لیکن وہ کہتے تھے میں کھیلوں گا اور ابھی تو آپ نے سن لیا اسد عمر صاحب نے واضح طور پر کہا کہ یہ لیٹر نہیں ہے۔

حامد میر کا پروگرام میں مزید کہنا تھا کہ یہاں پر ایک اور چیز جو ہے وہ بڑی قابل غور ہے جو وزیر خارجہ تھے شاہ محمود قریشی صاحب ان کو اسٹینڈ لینا چاہیے تھا اس پر ان کو یہ بتانا چاہیے تھا کہ جو ایک سفیر ہوتا ہے کسی بھی ملک میں وہ فارن سیکرٹری کو جو سائفر بھیجتا ہے ان سائفرز کی کیٹیگری ہوتی ہے۔