وزیر اعظم آزاد کشمیر کے لطیف اکبر کے خلاف غیر اخلاقی الفاظ قابل مذمت ہیں، محسن باری

October 02, 2022

لندن (پ ر ) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف کے بارے میں وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے غیر اخلاقی اور غیر پارلیمانی الفاظ کیخلاف بھرپور احتجاجی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن باری صدر پیپلزپارٹی برطانیہ، اظہر بڑالوی جنرل سیکرٹری پی پی برطانیہ، ابرار میر سینئر نائب صدر پی پی یورپ، میاں سلیم، ریاض کوہمروی نائب صدر، چوہدری اسلم سابق میئر برینٹ، چوہدری نثار، سردار آصف، مہربان ملک، ملک غلام محی الدین، ملک مسعود رانا، امیر قیصر داؤد، شاہد کیانی، ڈاکٹر انصر، سرفراز احمد نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر جیسی قد آور اور جمہوری شخصیت کیخلاف کسی قسم کی بدتمیزی برداشت نہیں کی جائے گی ۔پی ٹی آئی کے جاہلانہ کلچر نے ریاست کی سیاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ تنویر الیاس نے وزارت عظمیٰ جیسا اہم عہدہ خریدا ہے اسی لئے انہیں اس کی قدر اور اہمیت کا اندازہ نہیں جب کہ لطیف اکبر ایک نظریاتی رہنما ہیں جنہوں نے پارٹی لیڈرشپ اور ڈسپلن کا ہر دور میں احترام کیا۔وزریر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج سے چوہدری لطیف اکبر جیسی مدبرانہ اور معتبر شخصیت سے محبت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ پریس کانفرنس میں تین قراردادیں بھی پیش کی گئیں جنمیں نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت پر بھرپور اعتماد، ان کی بحیثیت وزیرخارجہ شاندار کارکردگی پر خراج تحسین، چوہدری لطیف اکبر کے بارے میں کہے گئے الفاظ کو واپس لینے اور آزاد کشمیر میں تحریک عدم اعتماد پُرزور اور جمہوری طریقے سے لانے کی شرکا نے ہاتھ اٹھا کر تائید کی۔ پریس کانفرنس کا آغاز مخدوم اعظم شیرازی نے تلاوت کلام پاک سے کیا،نظامت ریاض کوہمروی نے کی۔