سنت نبویؐ کی اتباع مسلمانوں کا سرمایہ حیات ہے، میلادالنبی ؐ کانفرنس

October 02, 2022

لاہور(خبرنگار)دارالعلوم سراجیہ نعیمیہ میں 37 قومی میلاد النبی کانفرنس ہوئی ۔ ناظمہ دارالعلوم سراجیہ نعیمیہ نبیرہ عندلیب نعیمی نے کہاکہ سنت نبوی کی اتباع مسلمانوں کا سرمایہ حیات ہے۔نبی کریم کی آمد سے خواتین کو بنیادی انسانی حقوق ملے ہیں۔حکومت معاشرے میں عورتوں کے بنیادی حقوق کاتحفظ یقینی بنائے۔ ہم ٹرانس جینڈر ایکٹ کے مخالف نہیں ہیں تاہم اس میں قابل اعتراض شقوں میں ترمیم کی جائے ۔ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں غیر اسلامی قوانین کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،پروفیسرنورید فاطمہ نے کہاکہ نبی کریم کی سنت کو اپنائے بغیر مسلمان دنیا اور آخرت میں ترقی اور عروج حاصل نہیں کر سکتے،نبی کریم نے ایک عادلانہ اور منصفانہ معاشرے کا قیام کر کے دنیا کی ایک مثالی ریاست قائم کی،آج کے مسلمان کی تنزلی کی بنیادی وجہ دین اسلام سے دوری ہے۔ماریہ اکرم نے کہاکہ ماہ ربیع الاوّل سارے عالم انسانیت کے لئے خوشی اور امن کا پیغام ہے۔ ۔خواتین رہنماؤں نے اپنے خطابات میں مزید کہاکہ اگر مسلمان دنیا میں کھویا ہوا وقار بحال کرنا چاہتے ہیں تو اسوہ حسنہ کو اپنانا ہو گا ۔