ملک اور بلوچستان کی ترقی کے ضامن منصوبے کو ڈی پیک بنا دیا۔ کریم نوشیروانی

October 02, 2022

کوئٹہ ( پ ر) سابق صوبائی وزیر میر کریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ سی پیک بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کا ضامن تھا مگر قوم پرستوں نے اسے ڈی پیک بنا دیا۔ انہوں نے یہ بات اپنے بیان میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں اربوں روپے کی زمینیں بیچ کر ان لوگوں نے بیرون ملک اپنی جائیدادیں بنا لیں اور گوادر کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی اور گوادر کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ گوادر میں 10 سے 15 ہزار میں پانی کا ٹینکر آتا ہے۔گوادر کی ترقی کیلئے اربوں روپے آئے مگر ترقی ٹکے کی بھی نہیں ہوئی ۔ اگر میرانی ڈیم سے گوادر کو پانی فراہم کیا جاتا تو بمشکل ایک دو ارب روپے خرچہ آتا۔ بدقسمتی سے گوادر کی ترقی اخباری بیانات تک محدود ہے۔ سی پیک کو ڈی پیک بنا دینے سے بلوچستان کی ترقی رک گئی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قوم پرست دس پندرہ سال حکومت میں رہے اور انہوں نے گوادر کی ترقی کیلئے وفاق کی بھی کوئی کوشش کامیاب نہ ہونے دی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ریکوڈیک اور سیندک پراجیکٹ آمدنی کا وسیلہ ہے۔ ان کی رائلٹی سے بلوچستان کو حصہ مل رہا ہے۔ اور اس کی رائلٹی میں چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وزیر اعلیٰ میر قدوس بزنجو کا کردار اہم ہے۔گوادر پورٹ کی فعالی سے بلوچستان یورپ بن جاتا ۔ قوم پرست بلوچستان میں تعلیم اور صحت سمیت کسی بھی شعبے میں ترقی نہیں چاہتے۔ تعلیم کی ترقی اور سڑکوں کا جال بچھ جانے سے آنیوالی خوشحالی سے ان کی قوم پرستی پر مبنی سیاست دم توڑ جا ئے گی۔ ان کی پالیسیوں سے قوم زبوں حالی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی ناکامی کے ذمہ دار قوم پرست ہیں۔ جنہوں نے اپنے دور اقتدار میں اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔