جرائم ہو رہے ہیں، شک نہیں کراچی میں کرائم ضرور ہے، شرجیل میمن

October 03, 2022

کراچی(ٹی وی رپورٹ)صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اس میں شک نہیں کراچی میں کرائم ضرور ہے، جرائم ہورہے ہیں جسے کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کا م کررہی ہے، ناظم جوکھیو اور شاہزیب قتل کیسوں میں متاثرہ خاندانوں کو تحفظ فراہم کیا گیا، عوام وارداتوں کی رپورٹ درج کرائیں انہیں مکمل تحفظ دیں گے، سندھ پولیس کی تعداد میں اضافہ کی ضرورت ہے، نئے پولیس اہلکار بھرتی کررہے ہیں ان کی تربیت آرمی سے کرائی جارہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، پروگرام میں ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر، سابق آئی جی پولیس کلیم امام و دیگر نے بھی گفتگو کی۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے سیف سٹی کیلئے بجٹ میں پیسے رکھے ہوئے ہیں، سندھ میں اچھی شہرت کا حامل آئی جی پولیس لگایا گیا ہے، حکومت کی طرف سے آئی جی کو جرائم پر قابو پانے کیلئے فری ہینڈ دیا گیا ہے، پولیس لوٹ مار کاجو سامان برآمد کرتی ہے وہ میڈیا پر اجاگر نہیں کرپاتی ہے، آئی جی پولیس کو کہا ہے کہ اپنی کارکردگی سے عوام اور میڈیا کو روزانہ کی بنیاد پرا ٓگاہ رکھنے کیلئے ڈپارٹمنٹ بنائیں، کراچی میں پولیس کے اعلیٰ عہدوں پر تقرریوں کیلئے کوئی ٹینڈر سسٹم موجود نہیں ہے، جیو کے نمائندے کے پاس اس حوالے سے کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پولیس کراچی میں دہشتگردی کے تمام بڑے واقعات کے ذمہ داران تک پہنچی ہے، بہت سارے لوگ جرائم کو رپورٹ ہی نہیں کرتے ہیں، متاثرہ شخص اگر عدالت میں ملزمان کو پہچاننے کیلئے تیار نہیں تو پراسیکیوشن کیا کرسکتی ہے، سینٹرل جیل سے کسی قیدی کی رات کے وقت باہر جانے کی بات بے بنیاد ہے۔