مشکلات کے باوجود عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، رہنما پی ٹی آئی برطانیہ

October 05, 2022

برمنگھم (ابرار مغل) پی ٹی آئی برطانیہ کی مرکزی قیادت نے کہا ہے کہ وہ اپنے قائد عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں ،درپیش تمام مشکلات اور مصائب کے باوجود عمران خان کے ویژن اور سوچ کو پھیلانے کے لیے میدان عمل میں رہیں گے ۔ان خیالات کا اظہار برمنگھم میں پی ٹی آئی برطانیہ کے مرکزی رہنما خواجہ انعام الحق نامی کی میزبانی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا گیا ۔پی ٹی آئی غلامی نامنظور پینل کے زیر اہتمام ہونی والی اس تقریب سے عمران خان کے دست راست و برطانیہ میں فوکل پرسن صاحبزادہ عامر جہانگیر چیکو بھائی ،پنجاب اوورسیز کمیشن کے چیئرمین سید مخدوم طارق الحسن،پی ٹی آئی برطانیہ کے مرکزی صدر عمران خلیل،جنرل سیکرٹری رانا حامد افضل، مقامی رہنما سردار سرفراز، آفتاب حمید، ظفر جرال،عرفان لہڑی،زاہد پرویز ،ظہیر خان ،محمد فاروق خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سابق صدارتی امیدوار برائے مڈ لینڈ خواجہ انعام الحق نامی کی بطور مرکزی کوآرڈینیٹر اور آسیہ خان کا بطور ڈپٹی سیکرٹری جنرل برائے خواتین ونگ تقرری کا اعلان کیا گیا۔ تقریب میں مڈ لینڈ سے کارکنان اور ہمدردوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان خواجہ انعام الحق نامی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے مشن اور پی ٹی آئی کے منشور کی وجہ سے اس تحریک کا حصہ بنے ہیں بغیر کسی مطلب و لالچ کے عمران خان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے مرکزی قیادت کی جانب سے ذمہ داری پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ بھرپور کوشش کریں گے کہ عمران خان کے ویژن اور سوچ پر عمل اور برطانیہ میں پارٹی کو فعال و منظم کریں ۔دیگر مقررین نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک سوچ اور مشن کا نام ہے،بدعنوان زدہ ماحول میں صرف پی ٹی آئی ہی امید کی کرن ہے۔ مرکزی رہنما صاحبزادہ عامر،عمران خلیل،ناصر میر اور دیگر نے کہا کہ برطانیہ میں پی ٹی آئی اوورسیز کی مقبول ترین جماعت ہے ،آج لوگوں کی بڑی تعداد ہمارے ہم قدم چل رہی ہے، پی ٹی آئی ہی اوورسیز کمیونٹی کے مسائل اور حقوق کی بات کرتی ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ امپورٹڈ حکومت انتقامی کارروائیوں مصروف ہے،دوسری طرف لاقانونیت اور مہنگائی میں شدید اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کے عوام کے ٹیکسز کے پیسوں کو ایک بار پھر لوٹا جا رہا ہے۔ تقریب میں برمنگھم سمیت مڈ لینڈ بھر سے خواتین کارکنان اور رہنماؤں نے شرکت کی،آخر میں میزبان تقریب خواجہ انعام الحق نامی کو مرکزی کوآرڈینیٹربننے پر مبارکباد پیش کی گئی۔