ایشیائی مرد اور خاتون پر نسل پرستانہ حملہ کرنے والا ملازمت سے فارغ

October 05, 2022

بولٹن (ابرار حسین) ایشیائی مرد اور خاتون پرنسل پرستانہ حملہ کرنے والے شخص کو ایکولیڈ لاجسٹکس کمپنی نے برطرف کر دیا، واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص نے جولاجسٹکس فرم کی وردی پہنے تھا،نے ایشیائی خاندان کے ساتھ بدسلوکی کا سلسلہ شروع کیا، بتایا گیا ہے کہ اس واقعہ کی پہلے ہی بڑے پیمانے پر مذمت کی جا چکی ہے۔Accolade Logistics نے ہر اس شخص سے معافی مانگی ہے جس نے بدسلوکی کا مشاہدہ کیا اور اس بات کی تصدیق کی۔ برطرف ملازم پولیس سے تفتیش میں تعاون کر رہا ہے، کمپنی کی طرف سے بیان میں کہا گیا ہےکہ ہم ہر اس شخص سے دل کی گہرائیوں سے معافی مانگنا چاہیں گے کہ جنہوں نے اسناقابل قبول نسل پرستی کے واقعہ کو دیکھا یا انہیں دکھایا گیا۔ یہ کمپنی 20 برس سے معروف ڈیلیوری سروس فراہم کر رہی ہے۔ کمپنی نےکہا ہم ایک کثیر الثقافتی افرادی قوت کو ملازمت دیتے ہیں اور کسی بھی قسم کی نسل پرستانہ زیادتی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا اور جس شخص کے متعلق اشارہ کیا گیا ہے اسے کمپنی نے پہلے ہی فوری طور پر برخاست کر دیا تھا اور ہم پہلے ہی پولیس کی تحقیقات میں مدد کر رہے ہیں ۔ کونسلر رابعہ جیوا کے مطابق یہ واقعہ بلیک برن روڈ پر واقع اسڈا سپر مارکیٹ کے قریب پیش آیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گریٹر مانچسٹر پولیس کو 30ستمبر بروز جمعہ صبح 9 بجے کے بعد بولٹن نارتھ کی بلیک برن روڈ پر ٹریفک کے تصادم اور خرابی کی اطلاع دی گئی جس پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی، ابتدائی تفتیش کے مطابق ثابت ہوا کہ ایک 39سالہ مرد نے ایک ایشیائی مرد اور خاتون پر نسلی حملہ کیا جس سے انہیں شدید چوٹیں آئیں ، حملے کے دوران، مرد اور خاتون کو نسل پرستانہ بدسلوکی کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ بلیک برن سے 50سالہ ایک شخص کو نسل پرستانہ مظاہرہ کرنے، امن عامہ میں خلل ڈالنے اور حملے کے شبے میں گرفتار کیا گیا جس کو بعد ازاں تفتیش کے بعد رہا کر دیا گیا، ایک ویڈیو جس میں ٹریفک حادثے کے بعد ہونے والی بدسلوکی کو دکھایا جا رہا ہے اور یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کر رہا ہے، ایسا لگتا ہے کہ اس آدمی کو ایشیائی کے طور پر ایک مرد اور خاتون کو انتہائی جارحانہ، تضحیک آمیز الفاظ کا نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے جب کہ اسے یہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا ہے کہ وہ برطانوی نہیں ہیں۔