عید میلادالنبی ؐ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، علامہ عبد الحق قادری

October 05, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے کہا ہےکہ ہر سال کی طرح امسال بھی عید میلاد النبی ﷺ باوقار انداز میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، شہر کامرکزی جلو س میلا د النبیﷺ اتوار 12 ربیع الاول 9 اکتوبر کو ٹھیک3؍بجے سہ پہر نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے علماء و مشائخ کی قیادت میں برآمد ہوگاجوایم اے جناح روڈ کے راستے نشتر پارک پہنچے گا جہاں عظیم الشان میلاد مصطفی ؐ کانفرنس سے علماء کرام و قائدین اہلسنّت خطاب کرینگے ، کچھی میمن ہال گاڑی کھاتہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اہلسنّت کراچی نے نشتر پارک کے جلسہ اور عیدمیلادالنبی ا کے مر کز ی جلو س اور کراچی کے تمام اضلاع سے جلوس نکالنے کا مشترکہ اجازت نامہ حا صل کر لیا ہے، انہوں نے حکومت و قانون نافذ کرنے والے ادروں سے مطالبہ کیا کہ مرکزی جلوس سمیت تمام جلوسوں کی سیکیورٹی کا مناسب انتظام کیا جائے ،مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی درستگی ،داخلی راستوں پر Searching Gatesکی تنصیب،بم ڈسپوزل اسکواڈ اور مناسب اہلکاروںکی تعیناتی یقینی بنائی جائے،فساد کا باعث بننے والی تقاریر اور مقررین کے خلاف کارروائی کی جائے،میلاد النبی کے جلسوں کیلئے این او سی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری کی جائیں، جلوس کی گزرگاہوں کی صفائی ستھرائی،سڑکوں کی مرمت و استر کاری، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی بھی انتہائی ضروری ہے۔