بہت جلد سندھ کے تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین فعال ہونگی، مرتضیٰ وہاب

October 05, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مشیرِ قانون اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بہت جلد سندھ کے تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین فعال ہوں گی تعلیمی اداروں میں مسابقت کا رحجان بڑھانے میں طلبہ یونین کا کردار بہت اہم ہے بالخصوص لیڈر شپ پیدا کرنے میں طلبہ تنظیموں اور ان کی یونینز نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں رہنما دیئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں صوبائی وزیر بورڈز اینڈ یونیورسٹیز اسماعیل راہو سے ملاقات کے دوران کیا۔ مشیر قانون اور صوبائی وزیر کے مابین طلبہ یونین کی بحالی کے حوالہ سے گفت و شنید ہوئی جس میں سندھ کے کالجز اور جامعات میں طلبہ یونین کا کردار اجاگر کرنے کیلئے مشاورت کی گئی۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بہت جلد سندھ کے تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین فعالیت کی طرف ہوں گی اور طلبہ یونین کی مثبت سرگرمیوں سے تعلیمی اداروں کا گراف بلندی پر جائے گا۔ طلبہ یونین اور ہم نصابی سرگرمیوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔تعلیمی اداروں میں مسابقت کا ماحول طلبہ یونین کی بحالی سے مشروط ہے۔