اسلام آباد(طاہرخلیل) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعدِ ضابطہ نے پارلیمانی بالادستی کی توثیق کر دی، قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں تفصیلی بحث و مباحثہ اور غور و خوض کے بعد اراکین کمیٹی کی اکثریت نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا جسے قائمہ کمیٹی نے ترمیم کے حق میں اکثریتی رائے کو منظور کر لیا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعدِ ضابطہ اور استحقاق کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر وقار مہدی کی زیر صدارت جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی اجلاس میں سینیٹرز سعدیہ عباسی، دوست علی جیسَر، اسد قاسم، جان محمد اور پلوشہ خان نے شرکت کی۔ سینیٹرز سلیم مانڈوی والا ، شہادت اعوان اور سید مسرور احسن نے بطور موور میٹنگ میں شرکت کی۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کمیٹی کی کارروائی میں براہِ راست عدالتی مداخلت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ عدالتوں کو پارلیمانی امور میں مداخلت کا اختیار حاصل نہیں ہونا چاہیے اور سپریم کورٹ متعدد مواقع پر ہدایت دے چکی ہے کہ پارلیمانی کارروائی میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ انہوں نے اس امر پر سختی سے زور دیا کہ سینیٹ کو اپنی کمیٹیوں کے اختیارات اور اتھارٹی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ایوان بالا عوامی نمائندگی کا مرکز ہے اور کمیٹیاں ایوان کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے عوامی اہمیت کے معاملات کو زیرِ بحث لانے کے لیے مکمل طور پر بااختیار رہیں۔