’کیا فائنل راوٌنڈ شروع ہونیوالا ہے، سرپرائز کون دیگا‘، PTI کا مبینہ لانگ مارچ اور حکومت کے اقدامات، خفیہ حکمت عملی مکمل

October 05, 2022

اسلام آباد(فاروق اقدس/ تجزیاتی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ یا احتجاج کی کسی دوسری شکل میں ’’ڈی چوک‘‘ تک پہنچنے کیلئے تیاریوں کو آخری شکل دی جارہی ہے اور اس مقصد کیلئے انہوں نے جو حکمت عملی وضع کی ہے اطلاعات کے مطابق اسے حتمی شکل دے دی گئی ہے جسے انہوں نے اپنے قریبی حلقوں اور رفقاء سے بھی خفیہ رکھا ہے۔

اطلاعات کے مطابق گوکہ تین سے چار وزراء اس زعم میں مبتلا ہیں کہ وہ اس اعتماد میں شامل ہیں لیکن ذرائع کے مطابق احتجاج کے آخری مرحلے میں جو منصوبہ بندی کی گئی ہے اس کے بارے میں انہیں بھی بے خبر رکھا گیا ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکرہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جنہیں عمران خان کے خصوصی معتمدین میں سمجھا جاتا ہے وہ اعتماد میں لئے جانے والے رفقاء میں شامل نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین نے اپنے احتجاج کی حتمی حکمت عملی اور منصوبہ بندی اس خدشے کے پیش نظر خفیہ رکھی ہے کہ انہیں اس بات کا اندازہ ہوچکا ہے کہ ان کے بعض ساتھی جو بظاہر ہمہ وقت ان کی وفاداری کا دم بھرتے ہیں لیکن ان کے حکومت سے بھی رابطے ہیں جو تمام اطلاعات ان کو فراہم کرتے ہیں عمران خان نے کچھ دن قبل اسلام آباد میں ہونے والی تحریک انصاف کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں اس بات کا اظہار بھی کیا تھا اور واضح لفظوں میں کمیٹی کے ارکان سے کہا تھا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ’’ بعض ساتھیوں‘‘ کے حکومت سے رابطے ہیں لیکن میں یہ واضح کر رہا ہوں کہ اگر مجھے کسی نے ’’بائی پاس‘‘ کرنے کی کوشش کی تو ٹھیک نہیں ہوگا۔