مرکزی امیر نے ٹرانس جینڈر بل کونظریاتی کونسل میں رد کر دیا، جمعیت س

October 05, 2022

کوئٹہ (آن لائن)جمعیت علماء اسلام (س) کے صوبائی امیر مولانا مفتی عبدالواحد بازئی ،حاجی عبدالقیوم مرزئی ،سردار انجینئر نسیم خان محسود ،حاجی حضرت اللہ اچکزئی ،عبدالکریم خروٹی ،مولانا فدا محمد حقانی ،حبیب اللہ ذکی اور صوبائی ترجمان مولانا سید محمد طاہر شاہ اخندزاد نے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر بل جمعیت س کے مرکزی امیر مولانا حامد حقانی نے نظریاتی کونسل کے اجلاس میں مدلل انداز میں رد کیا اور تمام نظریاتی کونسل ممبران نے بل کو منسوخ اور شریعت سے متصادم قراردیا ،یقینا نظریاتی کونسل کے تمام ارکان مبارکباد کے مستحق ہیں لیکن اب کچھ نامور شخصیات بل میں ترمیم کی غرض سے ایک بار پھر حملہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں اور روز اول سے اب تک دفاع کےتعاقب میں ہیں جسے ہم کسی صورت تسلیم نہیں کرتے ،انہوں نے کہاکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلباء عرصہ دراز سے احتجاج پر ہیں اور ان سے گورنر نے معاہدہ کیا تھا کہ حکومت 2026تک ان کا خرچ سنبھالیگی لہذا معاہدوں کی پاسداری کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور معاہدہ کے تحت انہیں فنڈز دینا حکومت پر فرض ہے ،انہوں نے کہاکہ آج ملک میں ٹیچر ڈے منایا جاتاہے ٹیچرز روحانی باپ کی حیثیت رکھتے ہیں ان کا ذمہ ہے کہ بچوں کو عدم تشدد کا نظریہ دیں اور بچوں کو تعلیم کیساتھ تربیت دینا فرض ہے۔