کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کے علاقے کلی الماس کے رہائشی عبدالرازق نے کہا ہے کہ میرا بھائی ڈیڑھ سال قبل گھر سے ناراض ہوکر چلا گیا تھا جس کے بعد ہمارا اس سے کوئی رابطہ نہیں اگر اس کا کسی مسلح تنظیم سے تعلق ہوا تو میرا، میرے خاندان اور عزیز و اقارب کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے چچا اور دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں کلی الماس میں رہائش پذیر ہوں۔ڈیڑھ سال قبل میرا چھوٹا بھائی محمد رضوان گھر سے ناراض ہوکر چلا گیا تھا تا حال واپس نہیں آیا اور نہ ہی کبھی ہم سے کوئی رابطہ کیا۔ اگر میرا بھائی کسی مسلح تنظیم سے وابستہ ہے تو میرا، میرے خاندان اور رشتہ داروں کا میرے بھائی رضوان سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔