کوئٹہ(خ ن)انفارمیشن ایکٹ 2021 کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام نیشنل انڈومنٹ فار ڈیموکریسی کے تعاون سے کیا گیا تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی مہمانِ خصوصی رکن صوبائی اسمبلی اور اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات میر رحمت صالح بلوچ تھے دیگرشرکاء میں رکن صوبائی اسمبلی خیر جان بلوچ، سیاسی و سماجی رہنما ڈاکٹر اسحاق بلوچ، سماجی تنظیموں کے نمائندگان میر عادل، میر بہرام بلوچ اور میر بہرام لہڑی اوردیگرشامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر رحمت صالح بلوچ اور خیر جان بلوچ نے کہا کہ عام شہریوں کو معلومات تک رسائی ان کا بنیادی حق ہے اور رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2021 شفافیت، احتساب اور بہتر طرز حکمرانی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معلومات تک رسائی کے نظام میں مزید جدت اور بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بروقت اور درست معلومات فراہم کی جا سکیں انہوں نے کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے ہر سطح پر سنجیدہ کوششیں کی جائیں گی۔