مریم نواز کا ایون فیلڈ کیس میں بری ہونا انصاف کی فتح ہے، سجاد خان

October 06, 2022

اولڈہم (پ ر) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما، امیدوار حلقہ این اے 60راولپنڈی سجاد خان نے کہا ہے کہ مریم نواز کا ایون فیلڈ کیس میں بری ہوناانصاف کی فتح ہےاور یہ اس بات کی علامت ہے کہ وہ مقدمہ اور سزا دونوں بوگس تھیں۔ بہت جلد نواز شریف بھی ان شاءاللہ بری ہوں گے کیوں کہ دنیا جانتی ہے کہ مقدمہ پانامہ کا تھا اور سزا اقامہ کی تھی۔ وہ اولڈہم میں ابرار خان نون کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ن برطانیہ کے کارکنوں کی ایک نشست میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے، اس موقع پر ان کے ساتھ مسلم لیگ ن برطانیہ اولڈہم برانچ کے صدر میاں حافظ سعید احمد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی جیسا ہے ویسا اپنے آپ کو ظاہر نہیں کرتا اس نے 4 سال میں ملک کو دیوالیہ کرکے رکھ دیا ۔اس کے دور میں سیاست دانوں کے استحصال کے علاوہ کوئی کام نہیں ہوا، وزیر اعظم ہاؤس جادو نگری بنا رہا اور حکومت میں رہنے اور ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے ہر جائز ناجائز حربہ استعمال کیا گیا۔ اب ان کی آڈیو لیکس نے عمران کے بہت سے پول کھولے ہیں اور بہت جلد اس کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی۔