ایسپائر ٹو انسپائر آرگنائزیشن کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے فنڈ ریزنگ پروگرام

October 06, 2022

بولٹن (نمائندہ جنگ) ایسپائر ٹو انسپائر آرگنائزیشن ( ASPIRE 2 INSPIRE) کی ڈائریکٹر محترمہ کلثوم، سہیل سولی اور اقرا کھوکھر کی جانب سے راچڈیل کے مقامی ہال میں پاکستان میں سیلاب زدگان کے لئے فنڈ ریزنگ کا ایک پروگرام منعقد کیا گیا، راچڈیل کے میئر کونسلر علی احمد، سابق میئر کونسلر عاصم رشید، کیبنٹ ممبر کونسلر افتخار احمد ،کونسلر ثمینہ ظہیر، کونسلر عائظہ عاصم، ڈاکٹر طاہر بشیر بیگ، ناصر خان سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر بولٹن سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کے گلووز کی نیلامی بھی کی گئی، قوال سلیم صابری نے اپنے ہمنواؤں کے ہمراہ اللہ ہو جیسی شہرہ آفاق قوالیوں کو پیش کیا، سٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد شفیق نے انجام دیئے، اس موقع پر میئر راچڈیل علی احمد نے کہا کہ ایسپائر ٹو انسپائر آرگنائزیشن نے پاکستان میں سیلاب سے متاثر بے گھر لوگوں کی مدد کا جو بیڑا اٹھایا ہے انکا یہ اقدام قابل فخر ہے، انہوں نے مزید کہا آج کے چئیرٹی ڈنر میں نوجوانوں کی بھر پور شرکت سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں ملک سے بے حد پیار ہے۔ کنسلٹنٹ ڈاکٹر طاہر بشیر بیگ نے کہا کہ یہ بہت اچھا اقدام ہے، ہم سب کو مل کر پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کرنی چاہیے-اکاؤنٹینٹ عبدل اور یوسف نے کہا کہ آج جس طرع کمیونٹی نے چئیریٹی ڈنر میں اپنا حصہ ڈالا وہ قابل تحسین ہے، چیریٹی ڈنر کے آرگنائزرز نے چیرٹی ڈنر میں بھر پور شرکت اور فنڈ ریزنگ پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ جمع ہونے والی رقم سیلاب متاثرین کی مدد پر خرچ ہوگی، انہوں نے مزید بتایا کہ برطانیہ سے امدادی سامان سے بھرا کنٹینر پاکستان بھیجیں گے۔