اسپورٹس کمپلیکس کی اراضی پر قبضہ جلد ختم کیا جائے، کمشنر کوئٹہ

October 06, 2022

کوئٹہ(خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمٰن بلوچ کی زیر صدارت اسپورٹس کمپلیکس بروری روڈ کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے اور میڈیا ٹاؤن کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں مشیر کھیل عبدالخالق ہزارہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کوئٹہ نور محمد مندوخیل،صدر پریس کلب کوئٹہ عبدالخالق رند ، سینئر صحافی رضالرحمٰن کے علاؤہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ اسپورٹس کمپلیکس اور میڈیا ٹاؤن کے منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو جلد کرکے کام کی بروقت تکمیل کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان اور بہترین ماحول میسر آسکے۔اسپورٹس کمپلیکس اورمیڈیا ٹاؤن کا منصوبہ اہمیت کا حامل ہے اور صوبائی حکومت جامع حکمت عملی کے تحت ان منصوبوں پر سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہی ہے۔لہٰذا عوامی نوعیت کے ان منصوبوں کے لیے مختص جگہ اور فنڈز کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا ہے اس سلسلے میں لینڈ کی دستیابی اور منتقلی کا عمل جلد مکمل کیا جائے جبکہ اسپورٹس کمپلیکس کی اراضی پر قبضہ کو جلد ختم کیا جائے تاکہ منصوبوں میں پیش رفت ممکن ہوسکے۔اجلاس میں کہاگیاکہ محکمہ لائیو اسٹاک کی اراضیوں کی نشاندہی کے لیے محکمہ اور ریونیو عملہ فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے ایک جامع رپورٹ مرتب کرے تاکہ معلوم ہوسکے کہ محکمے کی زمین کہاں ہیں اور ان کی الاٹمنٹ اور مختص کرنے کی نوعیت کیاہے۔انہوں نے اسپورٹس کمپلیکس بروری روڈ کی اراضی پر قائم پولٹری فارم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو پولٹری فارم دس یوم کے اندر منتقل اور سرکاری اراضی کو خالی کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ اراضی حکومت بلوچستان کی ملکیت ہے اور موجودہ پی ایس ڈی پی میں اسپورٹس کمپلیکس کے لیے جگہ مختص ہے۔لہذا اسپورٹس کمپلیکس میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں ۔تاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے وژن کے مطابق اسپورٹس کمپلیکس کی بروقت تکمیل کویقینی بنایا جائے۔اجلاس میں میڈیا ٹاؤن کے حوالے سے بھی متعدد مسائل کی نشاندہی اور اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں مختلف تجاویز پیش کئے گئے۔