کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے ادارے میں مختلف چھوٹی بڑی اسامیوں پر تعیناتی کا عمل جاری ہے پارٹی کی جانب سے پہلے بھی اس کی نشاندہی کی گئی لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے اب تک اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا جس کی وجہ سے میٹرو پولیٹن انتظامیہ جس تیزی کے ساتھ انٹرویوز کے مراحل کی تکمیل کی جانب بڑھ رہی ہے اس سے خدشہ ہے کہ حق دار بیروزگاروں کی حق تلفی ہوگی اور کرپشن ، سفارش ، اقرباء پروری کی بنیاد پر تعیناتیاں عمل میں لاکر ادارے کو مزید تباہی سے دوچار کیا جائے گا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارہ پہلے ہی اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی سے قاصر ہے جس کی وجہ سے ملازمین ہر ماہ تنخواہوں کے حصول کے لیے احتجاج پر مجبور ہیں جبکہ سینکڑوں ڈیلی ویجز ملازمین کو فنڈز نہ ہونے کے باعث پہلے ہی برطرف کرکے سینکڑوں گھروں کے چولہے بھجا دیئے گئے اب اگر نئی عارضی یا مستقل بنیادوں پر نئی تعیناتیاں عمل میں لائی جاتی ہیں اور اشتہار کے مطابق ایک سال کے عرصہ کے بعد دوبارہ ان ملازمین کو برطرف کیا یا پھر مستقل کیا جاسکتا ہے اس طرح ایک بار پھر درجنوں ملازمین اور ان کے خاندانوں کو مشکلات سے دوچار کیا جاسکتا ہے ، لہذا ان اسامیوں پر تعیناتیاں فوری طور پر روک دی جائیں ۔ بیان میں عدالت عالیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میںتعیناتیوں کا عمل روکا جائے۔