کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کاکڑ نے کہا ہے کہ پشتونخوامیپ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہے ، میٹروپولیٹن کارپوریشن کو مزید تباہی سے بچانے اور عوام کی خدمت کے لیے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات اور عوام کے حقیقی نمائندوں کی کامیابی وقت کی اہم ضرورت ہے ، بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار وہ جماعتیں اختیار کررہی ہیں جنہوں نے عوام میں اپنی مقبولت کھو دی ہے ، عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکا جاسکتا ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ایک جانب انتخابی مہم جاری رکھنا دوسری جانب میئر ، ڈپٹی میئر لانے کے دعوے کرنا اور پھر انتخابات ملتوی کرنے کی تگ و دو دراصل ان جماعتوں اور فارم 47 کے نمائندوں کو انتخابات میں واضح شکست نظر آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ضلع کوئٹہ کے چاروں ٹاؤنز میں اپنے امیدواروں کو نامزد کرچکی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے مشترکہ طور پر الیکشن میں حصہ لے رہی ہے اور اس سلسلے میں ٹاؤنز کی سطح پر بھی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سرکاری خزانے سے انتخابات کے لیے خطیر رقم خرچ کرچکی اور تقریباً 2ہزار 541امیدوارانتخابات میں مد مقابل ہیں جنہوں نے انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لے رکھا ہے ایسے میں الیکشن ملتوی ہونا نہ صرف امیدواروں بلکہ الیکشن کمیشن اور سرکاری خزانے کے لئے بھی بڑا خسارہ ہوگا ۔ انہوں نے کوئٹہ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 28 دسمبر کو پشتونخوامیپ اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں ۔