ریپ کے الزام کا سامنا کرنے والے نیپالی کرکٹر وطن پہنچتے ہی گرفتار

October 06, 2022

فائل فوٹو

ریپ کے الزام کا سامنا کرنے والے نیپالی کرکٹر کو وطن پہنچنے پر پولیس نے حراست میں لے لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق کپتان 22 سالہ سندیپ لامے چانے عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے تقریباً ایک ماہ بعد وطن واپس پہنچے تھے۔ وہ پہلے ہی زیادتی کا الزام مسترد کرچکے ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق کرکٹر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس حوالے سے لکھا تھا کہ وہ الزامات کا سامنا کرنے واپس نیپال جارہے ہیں۔

سندیپ لامے چانے نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ تحقیقات کے تمام مراحل میں مکمل تعاون کروں گا اور اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے قانونی جنگ لڑوں گا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ 8 ستمبر کو عدالت کی جانب سے وارنٹ جاری ہونے کے بعد سندیپ لامے چانے سے نیپال کرکٹ ٹیم کی کپتانی واپس لے لی گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق 17 سالہ لڑکی نے سندیپ لامے چانے پر کھٹمنڈو کے ایک ہوٹل میں زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔