پاکستان کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے باوجود بھارتی کرکٹ ٹیم اپنا شیڈول برقرار رکھے گی اور سری لنکا روانہ ہو گی۔
خیال رہے کہ اتوار کو پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے لیکن بھارت کے خلاف 15 فروری کو کولمبو میں ہونے والا میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا۔
اس ملاقات کے بعد حکومتِ پاکستان نے اعلان کیا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کھیلے گا لیکن بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا۔
بھارتی ٹیم میچ ڈے پر تمام آئی سی سی پروٹوکولز کے مطابق اپنی تربیت اور پری میچ ذمے داریاں انجام دے گی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم 15 فروری کو اسٹیڈیم پہنچ کر میچ ریفری کے فیصلے کا انتظار کرے گی، چاہے پاکستان میدان میں نہ آئے، پاکستان کی جانب سے میچ میں عدم شرکت کی ہدایت کے باوجود وہ اپنا شیڈول مکمل کرے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے پر پاکستان کو اس میچ کے 2 پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑے گا اور وہ 2 پوائنٹس بھارت کو آئی سی سی کے ضوابط کے مطابق اسی صورت میں مل سکتے ہیں جب بھارتی ٹیم آئی سی سی کے پروٹوکول کو فالو کرتے ہوئے جہاں میچ کھیلا جانا تھا وہاں وقت پر موجود ہو اور شیڈول کے مطابق تمام تیاری کرے اور میدان میں پاکستان ٹیم کا انتظار کرے۔
بھارتی ذرائع اور میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیم اپنے شیڈول کے مطابق مکمل تیار ہے اور میچ ڈے پر موجودگی یقینی بنائے گی۔
آئی سی سی کے ضوابط کے مطابق بائیکاٹ کی صورت میں پاکستان کی فورفیٹ شکست شمار کیا جائے گا، جس کا اثر نیٹ رن ریٹ پر بھی پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے شروع ہو گا، پاکستان کے گروپ میں بھارت کے علاوہ نمیبیا، نیدرلینڈز، امریکا ہیں۔