حلقہ درود و سلام نے100کھرب درودپاک پڑھنے کا مشن مکمل کرلیا

October 07, 2022

پشاور( نمائندہ خصوصی )فلاح انسانیت کے جذبے سے سرشارغیرسیاسی تحریک حلقہ درود وسلام پاکستان نے100کھرب مرتبہ درودپاک پڑھنے کا مشن حاصل کرلیا ہے۔اس سلسلے میں12ربیع الاول 9اکتوبربروزاتوارتحصیل پارک پشاور میں ایک خصوصی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوگی۔جس میں مشعل روشن کی جائیگی،کیک کاٹاجائے گا،کبوتر اڑائے جانے کیساتھ ساتھ رنگارنگ غبارے فضا میں چھوڑے جائینگے۔مشن 100کھرب درود پاک کی تکمیل کی خوشی میں منعقدہ پروقارروحانی تقریب کے حوالے سے حلقہ درودسلام نیکی فائونڈیشن کے بانی ،پشاورکے ممتازثناء خواں وسماجی شخصیت صباحت غزنوی المعروف نعمان قادری نے اپنے پیغام میں بتایا کہ100کھرب درودپاک کا ورد کرناایک عالمی ریکارڈ سے کم نہیں ہے۔ درودپاک کا وردآج کی مصروف ترین دنیا میں یہ ظاہر کرتاہے کہ آج بھی دنیا عاشقان رسول ﷺ اوررب کائنات سے محبت کرنے والوں سے بھری ہے۔حلقہ درودنیکی فائونڈیشن فلاح انسانیت کے جذبے سے سرشارہوکراپنے فلاحی کام کررہی ہے جن میں سب سے اہم حالیہ سیلاب کی تباہ کاری کے دوران متاثرہونے والوں کی بروقت مدد کے لئے راشن کی فراہمی اورہراتوارکے دن غریب طبقے کے لئے نیکی دسترخوان لگایا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ درودوسلام کے پلیٹ فارم سے جلد مزید فلاحی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی جس کے لئے پروگرام تشکیل دے دیا گیاہے۔