پشاور(کرائم رپورٹر) حیات آباد پولیس نے ہسپتالو ں کو آنے والے مریضوں وتیمارداروں کوہدف بنا کرانہیں رقم سے محروم کرنے والے گروہ کو بے نقاب کردیا ،پولیس نے دوالگ الگ گینگز کے 4ملزموں کو گرفتار کرلیا،ملزموں کا کرمینل ریکارڈ بھی سامنے آگیا ہے۔ گزشتہ روز ایس ڈی پی او حیات آبادمحمد جنید کھرل نے ایس ایچ او کامران مروت کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ انہیں ہسپتالوں کے قریب دھوکہ دہی سے لاکھوں روپے ہڑپنے سے متعلق بشیر اور عطاءالرحمان نے الگ الگ رپورٹس درج کیں جس پر انہوں نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج ودیگر شواہد کے ذریعے ان وارداتوں میں ملوث گینگز کا سراغ لگا کر 4ملزمان ایوب سکنہ تہکال پایان، رحیم داد، عالمزیب سکنہ چارسدہ اور حسنین سکنہ یکہ توت کو گرفتار کرلیا۔ انہوں نے بتایاکہ گرفتار ملزمان نوسربازی ، چوری اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں جن کے قبضے سے مجموعی طور پر 13 لاکھ روپے بھی برآمد کر لئے گئے ہیں۔پولیس کا کہناہے کہ گینگ ہسپتال آنے والے سادہ لوح افراد کواپنا شکار بناتااور ان سے سستے علاج کے عوض رقم لیکر غائب ہوجاتے جنہوں نے دیگر علاقوں میں بھی وارداتیں کی ہیں ۔ ایک مدعی کے مطابق وہ والد کو کینسر علاج کیلئے لیکر آیا تھا جہاں ایک ملزم نے اس سے کہاکہ اس کا والدبھی کینسر میں مبتلا ہے اور سستے علاج کا لالچ دیکر اس سے رقم ہتھیالی۔ گرفتارملزموں کو عدالت میں پیش کرکے ان سے مزید پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے ۔