پشاور (جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان کی زیرصدارت جمعہ کے روزمحکمہ زراعت کی آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے کسانوں اور عوام نے آن لائن اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کیں۔کھلی کچہری کے دوران کسانوں نے محکمہ زراعت سے متعلق مختلف امور، زرعی سہولیات کی فراہمی، سبسڈی پروگرامز، بیج و کھاد کی دستیابی اور زرعی مشینری کے استعمال سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی۔ سیکرٹری زراعت نے تمام شکایات اور تجاویز کو غور سے سنتے ہوئے متعلقہ حکام کو بروقت ازالے کے لیے ضروری احکامات جاری کیے۔آن لائن کھلی کچہری میں محکمہ زراعت کی مختلف ونگز کے ڈائریکٹر جنرلز اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت بختیار خان نے محکمہ زراعت میں زرعی مشینری کے استعمال اور پودوں کی تقسیم میں مبینہ بے قاعدگیوں سے متعلق شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری تحقیقات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی بدانتظامی یا بے ضابطگی برداشت نہیں ہونے دی جائے گی اور ملوث افسران و اہلکاروں کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کسانوں کو جدید زرعی سہولیات فراہم کرنے اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا اور عوامی مسائل کو فوری طور پر حل کرنا ہے۔سیکرٹری زراعت نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ سطح پر کسانوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور حکومتی زرعی منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ کسانوں کو مستفید کرنے کو یقینی بنائیں۔